سندھ حکومت نے پنجاب کیلیے مشکلات کھڑی کردیں

پنجاب نے افغانستان گندم برآمد کرنے کیلیے 120 ڈالر ریبیٹ کی سمری وفاق کو بھجوائی تھی


August 28, 2017
سمندری راستے سے گندم برآمد پر سندھ حکومت 170 ڈالر ریبیٹ دینے پر سنجیدہ ہو گئی۔ فوٹو : فائل

حکومت سندھ نے سمندری راستے سری لنکا، ایسٹ افریقہ اور متحدہ عرب امارات کو گندم ایکسپورٹ کیلیے دی جانے والی سبسڈی ریبیٹ میں 50 ڈالر اضافہ کرنے کیلیے سنجیدہ مشاورت شروع کردی ہے۔

محکمہ خوراک پنجاب نے 120 ڈالر فی ٹن ریبیٹ پر افغانستان کیلیے زمینی راستے سے 5 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ دوبارہ شروع کرنے کیلیے پہلے ہی وفاق کو سمری ارسال کر رکھی ہے لیکن سندھ کی جانب سے سمندری راستے کیلیے 170 ڈالر کی ریبیٹ کے ممکنہ اعلان سے پنجاب کو بھی ریبیٹ بڑھانا ہو گی اور ایسے میں وفاق 70 ڈالر ریبیٹ کا بوجھ اٹھائے گا جبکہ پنجاب حکومت کوموجودہ 50 ڈالر کے بجائے 100 ڈالرفی ٹن ریبیٹ کا مالی بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔

باخبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے گندم ایکسپورٹرز نے پنجاب حکومت کے سینئر حکام کے ساتھ ملاقات میں شکوہ کیا ہے کہ گزشتہ برس بھی پنجاب حکومت نے سمندری راستے سے گندم ایکسپورٹ شروع کرنے کا عندیہ تھا جس پر ایکسپورٹرز نے کئی ماہ تک بیرون ملک اپنے نمائندے بھیج کر عالمی منڈیوں میں ممکنہ ایکسپورٹ کی تیاری کی لیکن پھر حکومت پنجاب خاموش ہو کر بیٹھ گئی جس وجہ سے ایکسپورٹرز کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا لہٰذا اس مرتبہ پہلے پنجاب حکومت باضابطہ طور پر ایکسپورٹ شروع کرے گی تب ہی ایکسپورٹرز کوئی اقدام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایکسپورٹرز نے واضح کیا کہ ہم سندھ کے بجائے پنجاب سے گندم خریدنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں کیونکہ سندھ میں سرکاری دفاتر میں جگہ جگہ رکاوٹوں اور بلا جواز اعتراضات دور کرنے کیلیے متعدد بار ''نذرانے'' دینا پڑتے ہیں جبکہ پنجاب میں اس طرز کی مشکلات کم ہوتی ہیں۔

ایکسپورٹرز نے کہا سمندری راستے سے سری لنکا، ایسٹ افریقہ اور یو اے ای میں گندم ایکسپورٹ کے مواقع اب بھی موجود ہیں اگر پاکستان میں ایکسپورٹرز کو 170 ڈالر فی ٹن ریبیٹ دے دی جائے تو 15 لاکھ ٹن سے زائد گندم ایکسپورٹ ہو سکتی ہے لیکن اس کیلیے ضروری ہے کہ ایکسپورٹرز کو ''ون ونڈو'' کی سہولت فراہم کی جائے اور ریبیٹ کے میکنزم کو سادہ اور تیز رفتار بنایا جائے۔

''ایکسپریس'' کو مصدقہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیکرٹری فوڈ پنجاب شوکت علی نے چند روز قبل صوبائی حکومت کو ایک سمری ارسال کی ہے جس میں انہوں نے ماضی میں جاری رہنے والی 120 ڈالر ریبیٹ کے ساتھ افغانستان کو گندم ایکسپورٹ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت طلب کی ہے لیکن اگر سندھ حکومت سبسڈی بڑھا کر170 ڈالر کرتی ہے تولامحالہ پنجاب کو بھی سمندری راستے کیلیے ایکسپورٹ سبسڈی کو بڑھانا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں