جمعہ کو فائرنگ سے ہلاک دولہا کو سپرد خاک کردیا گیا

ماجد بلوچ کی رہائش گاہ کے اطراف کی دکانیں و بازار بند رہے،علاقے میں کشیدگی.

واقعے میں زخمی افراد سے آج بیان لیا جائے گا،مقدمہ درج کرلیا ہے ،انویسٹی گیشن افسر ۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

پاک کالونی کے علاقے ریکسرلائن میں بارات پر فا ئرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دولہا ماجد بلوچ کو سپرد خاک کردیا گیا۔

تدفین کے موقع پر علاقے میں سخت کشیدگی رہی، حفا ظتی اقدامات کے تحت پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔




تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شب ریکسر لائن میں نامعلوم افراد کی بارات پر فائرنگ سے دولہا 30 سالہ ماجد بلوچ ہلاک اور دیگر باراتی 28 سالہ محمد معیز ، 22سالہ بلال ، 28 سالہ حسن اللہ ، 17 سالہ محمد کبیر اور 35 سالہ ارشد بلوچ زخمی ہوگئے تھے، ایس ایچ او پاک کالونی رائو شبیر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول ماجد بلوچ کو ہفتہ کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے رشتے دار فیروز کی مدعیت میں نامعلوم صورت شناس ملزمان کے خلاف درج کرلیا ، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، علاوہ ازیں ماجد بلوچ کی ہلاکت کے خلاف مقتول کی رہائش گاہ کے اطراف کی دکانیں و بازار بند رہے جبکہ علاقے میں سخت کشیدگی رہی ، علاقہ مکینوں نے بھی گھروں میں رہنے پر ہی ترجیح دی ، مقتول کی تدفین کے موقع پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

انویسٹی گیشن افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعہ کو فائرنگ سے ہلاک ہونے والے عبدالماجد کے قتل کا مقدمہ ہفتہ کو درج کرایا گیا جس کے بعد تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کو ملی ہے ، واقعے میں زخمی افراد سے اتوار کو بیان لیا جائے گا ۔
Load Next Story