پی سی بی آئین چیئرمین کے اختیارات میں مزید اضافہ

ادارے کے چیف آپریٹنگ اور فنانشل آفیسرز کی تقرری کا اختیار بھی حاصل ہوگیا۔

ادارے کے چیف آپریٹنگ اور فنانشل آفیسرز کی تقرری کا اختیار بھی حاصل ہوگیا۔ فوٹو: فائل

حال ہی میں منظور ہونے والے پی سی بی آئین میں چیئرمین کے اختیارات میں مزید اضافہ کردیاگیا۔

بغیر کسی مداخلت کے مالی اور انتظامی معاملات میں فیصلے کر سکیں گے، چیف آپریٹنگ اور فنانشل آفیسرز کی تقرری کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے کہنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ میں جمہوری سیٹ اپ لانے کیلیے منظور کیے جانے والے نئے آئین کے مطابق ملکی صدر چیئرمین کا تقرر کرنے کے بجائے چند امیدواروں کو نامزد کرے گا، دیگر نامزدگیوں کے ساتھ گورننگ بورڈ حتمی انتخاب بھی کرسکے گا، ذکا اشرف کو 4 سال کیلیے عہدہ سونپے جانے کے بعد فوری طور پر نئے طریقہ کار پر عمل درآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا تاہم ان کے اختیارات میں اضافہ ضرور ہوگیا۔


چیئرمین تن تنہا مالی اور انتظامی معاملات میں فیصلے کر سکیں گے، چیف آپریٹنگ اور فنانشل آفیسرز کی تقرری کا اختیار بھی انہی کو حاصل ہوگا، گذشتہ آئین میں ان دونوں اہم عہدوں پر تقرری گورننگ بورڈ ہی کرسکتا تھا، یاد رہے کہ ذکا اشرف کے عہدے کی مدت 3 سے بڑھا کر 4 سال کردی گئی ہے۔



دوسری طرف گورننگ بورڈ کے ارکان کا تقرر 2 کے بجائے ایک سال کیلیے ہوگا، فارمیٹ میں بھی تبدیلی کی گئی، ریجن اور ڈپارٹمنٹس کے5،5 نمائندے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے، دو کرکٹرز اور دیگر معاملات کے ماہر اتنے ہی ٹیکنوکریٹ بھی شامل ہوں گے، البتہ ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق ریجنز کی موجودہ صورتحال میں ذکا اشرف ایک طاقتور چیف کے طور پر سامنے آئیں گے، لاڑکانہ، فاٹا سمیت ریجنل تنظیمیں پہلے ہی ان کے ساتھ ہیں، نئے ریجن بہاولپور اور ڈیرہ مراد جمالی بھی ان کا ساتھ دینگے، زرعی ترقیاتی بینک، نیشنل بینک اور واپڈا جیسے ادارے بھی انھیں سپورٹ کرینگے، ممکنہ طور پر گورننگ بورڈکے نئے یونٹ حبیب بینک اور سوئی ناردرن گیس بھی انھیں سپورٹ کرسکتے ہیں۔
Load Next Story