5 گول پروجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل ہو جائیں گے فیفا آفیسر

فٹبال کی عالمی تنظیم پروگرام کے مطابق تعاون جاری رکھے گی (کرس سنتا پریرا) ہاکس بے میں منصوبے کا معائنہ مکمل۔

فٹبال کی عالمی تنظیم پروگرام کے مطابق تعاون جاری رکھے گی (کرس سنتا پریرا) ہاکس بے میں منصوبے کا معائنہ مکمل۔ فوٹو : فائل

فیفا کے تحت پاکستان میں جاری 5 گول پروجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل ہو جائیںگے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم پروگرام کے مطابق اپنا تعاون جاری رکھے گی، ان خیالات کا اظہار فیفا کے اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسر اور سری لنکا فٹبال فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیوکرس سنتا پریرا نے ہفتے کو ہاکس بے میںکراچی گول پروجیکٹ کا معائنہ کرنے کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو میں کیا۔

اس موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ومینجمنٹ کرنل(ر) فراست علی شاہ اور سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حسن بلوچ بھی موجود تھے، کراچی کے علاوہ سکھر، جیکب آباد،کوئٹہ اور ایبٹ آباد میں جاری ان منصوبوں کا جائزہ لینے کیلیے ہفتہ کو پاکستان پہنچنے والے فیفا کے نمائندے نے کہا کہ میں کراچی میں 50 ملین روپے کی لاگت سے تکمیل کے قریب پروجیکٹ کے معیار سے بہت متاثر ہوا، امید ہے کہ ملک میں جاری دیگر منصوبوں کے بھی مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی اور پاکستان میں فٹبال کو فروغ حاصل ہو گا۔


1904 میں فرانس کے شہر پیرس میں قائم ہونے والی فٹبال کی عالمی تنظیم کے نمائندے نے کہا کہ فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے مجھے پاکستان کا دورہ کر کے فٹبال کی ترقی کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کی خصوصی ہدایت کی، ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی ویژن ایشیا کمیٹی کے رکن پریرا نے کہا کہ فیفا اپنے پروگرام پر عمل کرتے ہوئے آئندہ بھی پاکستان میں ایسے منصوبوں کے لیے گرانٹ فراہم کرے گی، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں فٹبال کی قومی تنظیم میں حکومتی مداخلت کا ثبوت ملنے پر فیفا اسے معطل کرتے ہوئے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دیتی ہے۔



انھوں نے کہا کہ ہم شفافیت پر بھر پور یقین رکھتے ہیں اور کسی بھی قسم کی بد عنوانی کو برداشت نہیں کیا جاتا، اس کی مثال 2010 میں فیفا کے 3 اعلٰی حکام پر 100 ملین ڈالرز کی رشوت کا الزام تھا، جس کے بعد آئی او سی نے فیفا کے اعزازی صدر جوائو پاولنج کے خلاف تحقیقات بھی کیں، انھوں نے کہا کہ کسی بھی بد عنوانی کے الزام کو سنجیدگی سے لیا جاتا اور شواہد کی روشنی میں کمیشن کے روبرو معاملہ پیش ہوتا ہے، قبل ازیں انھوں نے گول پروجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا،پی ایف ایف کے پروجیکٹ انجینئر نثار احمد نے اجلاس میں منصوبے کی تفصیلات بیان کیں،لیار ی اسکیم42 میں10 ایکڑ پر مشتمل فٹبال اکیڈمی کیلیے سندھ حکومت نے مفت زمین فراہم کی ہے، اس میں اکیڈمی، فٹبال گرائونڈ کے ساتھ اسٹیڈیم میں 20 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے دو انکلوژر بھی شامل ہیں۔

مرکزی عمارت میںبیک وقت 100 کھلاڑیوں و عہدہداروں کی رہائش کا بھی انتظام ہوگا،یہ منصوبہ آئندہ ماہ مقررہ مدت میں پایہ تکمیل کے بعد سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیا جائے گا،اس موقع پر فیڈریشن کے کرنل فراست نے بتایاکہ فیفا کے تحت دیگر شہروں میں جاری دیگر 4 فیفا گول پروجیکٹس آئندہ مارچ میں مکمل ہوجائیں گے، ان پر فی کس 5کروڑ روپے لاگت آئے گی، بعدازاں سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ نے فیفا کے نمائندے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، اس موقع پر انھیں سندھ کے روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی گئی، وہ اتوار کو سکھر میں فیفا پروجیکٹ کا معائنہ کریں گے۔
Load Next Story