دل کے عارضے میں مبتلا نوزائیدہ پاکستانی بچے کو بھارتی ویزا جاری

روحان کی والدہ نے ٹوئیٹر پر بھارتی وزیر خارجہ سے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی تھی


ویب ڈیسک August 29, 2017
روحان کی والدہ نے ٹوئیٹر پر بھارتی وزیر خارجہ سے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ فوٹو : فائل

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی خصوصی ہدایت پر بھارتی ہائی کمیشن نے دل کے عارضے میں مبتلا نوزائیدہ پاکستانی بچے کو طبی ویزا جاری کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر پاکستانی بچے روحان کی والدہ مہوش مختار نے ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ان کے بیٹے کو پیدائشی طور پر دل کی بیماری ہے اور اسے علاج کی غرض سے بھارت لے جانا نہایت ضروری ہے۔



مہوش نے اس پوسٹ پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی کہ انہیں جلد از جلد بھارت کا ویزا جاری کیا جائے۔ سشما سوراج نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کو ہدایات جاری کی تھیں کہ اس معاملے پر غور کیا جائے اور ویزے کا اجراء یقینی بنایا جائے۔



بعد ازاں بھارتی ہائی کمیشن نے ٹوئیٹر پر پیغام جاری کیا کہ پیارے روحان ، آپ کا ویزا جاری ہوچکا ہے اور جلد اسے لاہور بھیج دیا جائے گا۔



خیال رہے کہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر وزیرخارجہ سشما سوراج نے اعلان کیا تھا کہ علاج کی غرض سے بھارت آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں وقتاً فوقتاً آنے والی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں