قومی فٹبال چیمپئن شپ کا ڈیڑھ سال بعد 7 اکتوبر کو آغاز

کوالیفائنگ راؤنڈ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں ہوگا،منتظمین


Sports Reporter August 30, 2017
فائنل مرحلے کا10نومبر تک لاہور میں انعقاد،27 ٹیموں کو دعوت نامے ارسال فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی چیمپئن شپ کا ڈیڑھ سال بعد 7 اکتوبرسے آغاز ہو گا، کوالیفائنگ راؤنڈ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل راؤنڈ 10نومبر سے 25 نومبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

چیمپئن شپ میں شرکت کیلیے ملک بھر میں27 ٹیموں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں، ان میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، واپڈا، پی آئی اے، کے آر ایل، نیشنل بینک، کے الیکٹرک، کے پی ٹی، ریلوے، ایچ ای سی، پاکستان پولیس، سوئی سدرن، سوئی ناردرن گیس، گوادر پورٹ اتھارٹی، اشرف شوگر ملز، پی ٹی وی، کراچی یونائیٹڈ، پاکستان اسٹیل ملز، سندھ گورنمنٹ پریس، پاکستان ورکس ڈپارٹمنٹ، سیف ٹیکسٹائل، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد شامل ہیں۔

قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل(ر) مجاہداللہ ترین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی فٹ بال چیمپئن شپ سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہو گا، پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ڈیڑھ سال تک کوئی ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوسکا، ایونٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایڈمنسٹریٹر جسٹس اسد منیر نے قومی چیمپئن شپ کا اعلان کرکے کھلاڑیوں کے دل جیت لیے ہیں، انھیں اسی طرح خواتین کی فٹبال چیمپئن شپ کا بھی اعلان کرنا چاہیے جو چار سال منعقد نہ ہو سکی، زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں