اتحادیوںسے مل کر آئندہ بھی حکومت بنائیں گے زرداری

متحدہ نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، رحمن ملک کو فون، منانے کا ٹاسک دیا.

بینظیر پروگرام کے تحت غریبوںکو ڈھونڈ کر امداد دی، کہوٹہ میں خطاب فوٹو : فائل

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی فراہمی ذوالفقار علی بھٹو کا کارنامہ ہے۔

روٹی کپڑا اور مکان کے متبادل ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس کے تحت غریبوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر امداد دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہر اقتدار میںایسے کام کیے جو تاریخی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری کی طرف سے دیے گئے ظہرانہ میں شرکت کے بعدکہوٹہ کلب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، اتحادیوں سے ملکر آئندہ بھی حکومت بنائینگے۔

تاریخ رقم کرا رہا ہوں، پیپلز پارٹی نے نیئر حسین بخاری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف جیسے پارٹی کے ورکروں کو اعلیٰ مقام دیا۔ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جومفاہمتی پالیسی پر گامزن ہے۔ صدر آصف علی زرداری چینی سفارتخانے میںچین کے نئے سال کی تقریب میںبطور مہمان خصوصی شریک ہوئے صدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف ہمسایہ بلکہ دوست ملک ہیں اور باہمی تعلقات کا مستقبل روشن ہے۔ بعد ازاں فرانس میں پاکستان کے نامزد سفیر غالب اقبال نے صدر سے ملاقات کی صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ پاک فرانس تجارتی تعلقات کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔




 

علاوہ ازیں صدر زرداری نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کو ٹاسک دے دیا ہے۔ صدر کے وزیر داخلہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور ایم کیو ایم کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صدر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے ان سے اتحاد برقرار رکھا جائیگا۔ کراچی میں قیام امن کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے ۔

عوام ، تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا ۔ بد امنی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، صدر نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں قیام امن کیلیے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی طے کریں۔ ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کیا جائے اور ان کے تحفظات کو وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ مل کردور کیا جائے۔ صدر کی ہدایت پر وزیر داخلہ کراچی پہنچ گئے۔
Load Next Story