نوازشریف اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن پہنچ گئے

نواز شریف عید الاضحیٰ بھی لندن میں ہی بیوی اور بچوں کے ساتھ منائیں گے

بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کا لندن میں علاج جاری ہے فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمار داری کے لیے لندن پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے اور ایئرپورٹ پر انہیں وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے رخصت کیا۔ سابق وزیراعظم کا طیارہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا جہاں سے نواز شریف پارک لین میں اپنی رہائش گاہ جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق پارک لین میں بڑی تعداد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن موجود ہیں جو نواز شریف کا استقبال کریں گے۔


رپورٹس کے مطابق نواز شریف لندن میں زیر علاج اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کریں گے ، اس کے علاوہ وہ عید الاضحیٰ بھی وہیں منائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی وطن واپسی کی تاریخ طے نہیں ہے تاہم وہ ایک ہفتے میں وطن واپس لوٹ آئیں گے۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کا لندن میں علاج جاری ہے، جس کی وجہ سے این اے 120 پر ان کی انتخابی مہم مریم نواز چلارہی ہیں۔
Load Next Story