خورشید شاہ کا امریکی الزامات پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

نوازشریف کی حکومت میں خارجہ پالیسی لاوارث تھی، قائد حزب اختلاف

ہم اپنی پالیسیوں کی وجہ سے اسٹریٹیجک افادیت کھو چکے ہیں، خورشید شاہ فوٹو: فائل

NEW DELHI:
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امریکی الزامات پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جانا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آج کے سیشن کا آغاز وزیر خارجہ کی تقریر سے ہونا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا، ہم جان بوجھ کر الزام نہیں لگا رہے لیکن سچائی کو چھپانا نہیں چاہیئے کہ بھارت میں پاکستان کا سفیر امریکا میں سفیر کو خط لکھتا ہے۔ کیا یہ خط واشنگٹن اور نئی دلی والوں کو نہیں ملا ہوگا نواز شریف کی حکومت میں خارجہ پالیسی لاوارث تھی، یہ گورننس کی ناکامی ہے، نوازشریف نے بطور وزیر خارجہ 4 سال میں کیا کیا، انہوں نے 4 سال میں چھوٹی چھوٹی باتوں پربھی توجہ نہیں دی، مسلم لیگ (ن) میں بہت قابل لوگ موجود ہیں لیکن انہیں ایک وزیرخارجہ ہی نہیں ملا۔ 2008 میں پیپلز پارٹی کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دی، عسکری قیادت نے 8 گھنٹے طویل بریفنگ دی، نواز شریف اگر عابد شیر علی کو بھی وزیر خارجہ بنالیتے تو ہم اسے بھی سن لیتے۔


خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اپنی پالیسیوں کی وجہ سے اسٹریٹیجک افادیت کھو چکے ہیں، ہمارے اپنے ہمسایوں سے بھی تعلقات ٹھیک نہیں۔ ہم چاہتے ہیں ہمارے وطن پر کوئی آنچ نہ آئے لیکن ہمیں جذبات کے بجائے ٹھنڈے ذہن کے ساتھ معاملات کو دیکھنا چاہئے۔ 1971 میں ہم نے ہتھیاروں کی جنگ ہاری ،5 ہزارمربع میل زمین چلی گئی، سفارتکاری کے ذریعے یہ جنگ جیتنی چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم امریکی الزامات بھی تسلیم کریں گے مگروہ ثبوت تودے۔ امریکا صرف الزام لگاتا ہے لیکن ثبوت کوئی نہیں دیتا، ہمیں ایسے الزامات کے خلاف اب ڈٹ جانا چاہیئے۔ یہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا وقت نہیں ہے۔ عید الاضحیٰ کے بعد مشترکہ اجلاس بلایا جائے، ہمیں ایک مضبوط قرارداد لانی چاہیئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ امریکی ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ پاکستان کے لوگ افغانستان جاتے ہیں اورکارروائی کر کے واپس آجاتے ہیں لیکن انہیں ڈرون کے ذریعے گھرمیں بیٹھا ایک دہشتگرد بھی نظرجاتا ہے، ہم کیوں کسی دہشتگرد کو پناہ دیں گے، ہم پر الزام نہ لگائیں بلکہ ہمیں ثبوت دیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج کوئی نہیں ہے جو آپ کی مدد کو آئے، چین آپ کا دوست ہے لیکن وہ دور ہے، یہ فکر کرنے کی اورسوچنے کی بات ہے.
Load Next Story