کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست سیریز بھی جنوبی افریقا کے نام

جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔


ویب ڈیسک February 17, 2013
جنوبی افریقا 182 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: جنوبی افریقا نے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ۔

کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کپتان مصباح الحق اور اظہر علی کریز پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی اسکور میں صرف 14 رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ مصباح الحق کی صورت میں پاکستان کو چوتھا نقصان برداشت کرنا پڑا، انہوں نے 44 رنز بنائے، اس موقع پر اسد شفیق، اظہر علی کے ساتھ مل کر برتری میں اضافے کا عزم لیکر میدان میں اترے لیکن 147 رنز کے اسکور پر اسد شفیق بھی اظہر علی کا ساتھ چھوڑ گئے،انہیں 19 رنز کے اسکور پر فیلنڈر نے میدان بدر کیا۔

اسد شفیق کے بعد کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز بولنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹک سکا اور ایک کے بعد ایک بلے باز نے پویلین کی راہ لی۔ سرفراز احمد 5، سعید اجمل 4 اور محمد عرفان 2 رنز ہی بنا سکے جبکہ عمر گل تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول پائے، پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے، اس طرح پوری ٹیم 169 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جبکہ جنوبی افریقا کو فتح کیلئے 182 رنز کا آسان ہدف ملا۔ پروٹیز کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے کامیاب بالر فلینڈر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں لیں جبکہ ڈیل اسٹین اور پیٹرسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا، جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ہاشم آملہ نے بنائے انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، ابراہم ڈی ویلیئر 36، کپتان گریم اسمتھ 29 ،کیلس نے 21 رنز اور ڈی پلیسس نے 10 رنز کی اننگز کھیلی، ایلگر 11 اور پیٹرسن 01 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے ، پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 4 جبکہ عمر گل اور تنویر احمد نے 1،1 وکٹ لی۔

کیپ ٹاؤن میں شکست کے بعد جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 فروری سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |