مسلمان حکمران قرآن کے مطابق حکمرانی کریں خطبہ حج

ہم پر لازم ہے شریعت کے احکامات پر پوری طرح عمل پیرا ہوں، شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری


ویب ڈیسک August 31, 2017
اللہ کے راستے پر گامزن رہنے میں ہی راہ نجات ہے، خطبہ حج۔ فوٹو: اسکرین گریب

KARACHI: سعودی عالم دین شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ مسلمان حکمران قرآن کے مطابق حکمرانی کریں۔

دنیا بھر سے آئے بیس لاکھ سے زائد عازمین حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لئے میدان عرفات میں جمع ہوئے۔ مسجد نمرہ میں شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبہ حج میں کہا کہ مسلمانوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ اللہ کی کتاب قرآن کو مضبوطی سے تھامیں، اس پر عمل کریں اور اسکے مطابق حکمرانی کریں، اللہ کے راستے پر گامزن رہنے میں ہی راہ نجات ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسجد اقصی مسلمانوں کو لوٹا دے۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمان پر لازم ہے کہ ان حدود کی حفاظت کرے جو اللہ نے اس کیلیے کھینچ دیں، ہم پر لازم ہے شریعت کے احکامات پرپوری طرح عمل پیراہوں، اسلام نے برائی اور فحاشی کو حرام قرار دیا ہے، اللہ نے حکم دیا ہے کہ قرآن پر عمل کرو، اس کے مطابق اپنے معاملات کو منظم کرو، اس کے مطابق نظام عدل قائم کرو اور حکومت کرو، مسلمان حکمرانوں اسلام کے احکامات پر عمل کرکے اللہ کا قرب حاصل کرو۔

شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبے میں کہا کہ کسی عربی کو عجمی، کسی عجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں، اسلام امن کا درس دیتا ہے، اللہ نے مسلمانوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں اور نماز دین کا ستون ہے، زیادتی مسلمان کے ساتھ ہو یا غیر مسلم کے ساتھ اسلام میں منع ہے، شریعت اسلامیہ نے والدین کی خدمت کا درس دیا، اللہ نے وعدہ کیا ایمان لانےاورنیک عمل کرنیوالوں کوزمین پرطاقت عطا ہوگی، اسلام نے ہر قسم کے غبن اور سود کو بھی حرام قرار دیا، شریعت اسلامیہ کی خوبصورتی ہے کہ زمین پر زندگی کو منظم کیا، شریعت نے مالی اور معاشی نظام کو بھی منظم کیا، مسلمان پر لازم ہے کہ ان حدود کی حفاظت کرے جو اللہ نے اس کیلئے کھینچ دیں۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ نے حکم دیا ہے کہ اسی کی عبادت کرواور اسی کے آگے سر جھکاؤ، اللہ سے ڈرو جس طرح ڈرنے کا حق ہے، میں خود کو اور آپ سب کو خدا تعالیٰ سے ڈرنے کی تلقین کرتاہوں، نصیحت کرتا ہوں کہ تقوی اختیار کرو، اللہ نے وعدہ کیا ہے متقی بندے جنت میں داخل کیے جائیں گے، رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ نے امت کی رہنمائی کے لئے بھیجا اور اسلام اچھے اخلاق کی تعلیم دیتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں