ٹیسٹ رینکنگ اسمتھ بدستور پہلے نمبرپراظہرعلی کی ساتویں پوزیشن

بولرز رینکنگ میں رویندرجدیجا، جیمز اینڈرسن اور روی چندرن ایشون بدستور پہلی تینوں پوزیشنز پر قابض ہیں

بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پہلی 5 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR:
آئی سی سی نے بنگلہ دیش اورآسٹریلیا جبکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ میچز کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔

بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پہلی 5 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسٹیو اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں، جوئے روٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے ، چتیشور پجارا چوتھے جبکہ ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ ڈیوڈ وارنر کی بنگلہ دیش کے خلاف شاندار سنچری کے بعد ٹاپ 10 میں واپسی ہوئی ہے، آسٹریلوی اوپنر 5 درجے ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اظہر علی بدستور 7ویں نمبر پر موجود ہیں، الیسٹر کک 2 درجے تنزلی کے ساتھ 8ویں جبکہ ہاشم آملہ اور لوکیش راہول ایک ایک درجہ پیچھے جاتے ہوئے بالترتیب 9 ویں 10 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ تمیم اقبال 6 درجے پھلانگ کیریئر بیسٹ 14 ویں، بریتھ ویٹ 14 درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں جبکہ شائی ہوپ 60 درجے کی چھلانگ لگا کر 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔


بولرز رینکنگ میں رویندرجدیجا، جیمز اینڈرسن اور روی چندرن ایشون بدستور پہلی تینوں پوزیشنز پر قابض ہیں، رنگنا ہیران نے جوش ہیزل ووڈ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے، کاگیسو ربادا چھٹے، ڈیل سٹین اور ورنن فلینڈر ایک ایک درجہ بہتری کے ساتھ 7 ویں اور 8 ویں، اسٹیورٹ براڈ 2 قدم پیچھے ہٹتے ہوئے 9 ویں جبکہ نیل ویگنر بدستور 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ رینکنگ میں بہتری کے ساتھ شکیب الحسن 14ویں، شینن گیبریل 18ویں، مہدی حسن 30 ویں، تیج الاسلام 32 ویں، جیسن ہولڈر 37 ویں، پیٹ کمنز 52 ویں جبکہ روسٹن چیز 67 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آل راﺅنڈرز کی ٹاپ 5 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔ رویندرا جدیجا دوسرے، روی چندرن ایشون تیسرے، معین علی چوتھے جبکہ بین سٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔
Load Next Story