لذتیں اور ذائقے

بنائیں اپنے من پسند کھانے بہترین تراکیب کے ساتھ۔


Shahida Rehana September 02, 2017
بنائیں اپنے من پسند کھانے بہترین تراکیب کے ساتھ۔فوٹو : فائل

PESHAWAR: کلیجی مسالے والی
اجزاء:
کلیجی ... ایک کلو، کٹی لال مرچ ... ایک ٹیبل اسپون، ہلدی ... ہاف ٹی اسپون، نمک ... حسب ذائقہ، پسا ہوا لہسن ... ایک ٹی اسپون، چوپ ہری مرچ ... ایک ٹیبل اسپون، چوپ ادرک ... ایک ٹی اسپون، دہی ... ایک پاؤ، قصوری میتھی ... ایک ٹیبل اسپون، بھنا زیرہ، دھنیا ... ایک، ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ... 2عدد، لونگیں ... 4 عدد، دار چینی ... ایک ٹکڑا، تیل ... حسب ضرورت
ترکیب:
کلیجی کو چوکور بوٹیوں میں کاٹ لیں اور دھوکر جالی والے برتن میں رکھ دیں (ڈھک کر ورنہ ہوا سے سخت ہوجائے گی) جب تمام پانی نکل جائے تو اس میں تمام پسے مسالے لگاکر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں (فریج) ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں، اس میں ایک درمیان سائز کی پیاز فرائی کریں، پیاز سنہری ہوجائے تو اس میں دار چینی اور لونگیں ڈال دیں اب قصوری میتھی، ٹماٹر، دہی چوپ لہسن ادرک اور ہری مرچیں ڈال کر بھونیں پھر مسالا لگی کلیجی ڈال کر دو منٹ بھونیں اور 5 منٹ دھیمی آنچ پر بغیر پانی ڈالے ڈھک کر پکائیں اور ڈش میں نکال کر اوپر سے ادرک، ہرا دھنیا، لیموں کا رس اور ہری مرچ ڈال کر پیش کریں۔

تکا، بوٹی، اسٹیک
اجزاء:
گوشت (بوٹی، یا گوشت کا سالم ٹکڑا) ... آدھا کلو، کچا پپیتا ... حسب ضرورت، کچری پاؤڈر ... ایک ٹی اسپون، دہی ... حسب ضرورت، مسٹرڈ پاؤڈر ... ایک ٹی اسپون، ہری مرچ کا میٹ ... 2ٹی اسپون، کالی مرچ کٹی ہوئی ... ایک ٹی اسپون، بھنا کٹا زیرہ ... ایک ٹی اسپون، دار چینی پاؤڈرِِ...ہاف ٹی اسپون، نمک ... حسب ذائقہ، براؤن شوگر ... ایک ٹی اسپون
باربی کیو سوس ... 2ٹی اسپون، کٹی لال مرچ ... ایک ٹی اسپون، کٹی لال مرچ ... ایک ٹی اسپون، تیل ... حسب ضرورت
ترکیب:
تکا بنانے کے لیے بڑی بوٹیاں لیں، بوٹی بنانے کے لیے چھوٹی بوٹیاں لیں اور اسٹیک بنانے کے آدھا یا ایک کلو کا صاف ستھرا پورا پیس لیں اور خوب اچھی طرح دھوکر خشک کرلیں اسٹیک کو ہیمر سے کوٹ کر چپٹا کرلیں، پھر کانٹے سے گود لیں، نمک، کچری پاؤڈر اور کچا پپیتا گوشت اور بوٹیوں پر لگاکر یا تو رات بھر کے لیے فریج میں رکھ دیں یا کم از کم 4 گھنٹے ضرور رکھیں، دہی میں تمام مسالے مکس کریں اور پھر گوشت یا بوٹیوں کو اس میں مزید ایک گھنٹہ مکس کرکے چھوڑ دیں پھر تکا یا بوٹیوں کو چاہیں تو فرائی کرلیں اور بعد میں کوئلے کا دھواں دے دیں یا پھر پیاز، شملہ مرچ اور ٹماٹر وغیرہ کے ساتھ سیخ پر لگاکر کوئلوں پر روسٹ کرلیں۔ اسٹیک کو پین میں دھیمی آنچ پر ڈھک کر پکائیں جب تیل چھوڑ دے تو پلیٹ میں نکال کر سرکہ، لیموں کا رس، چوپ، پیاز، ٹماٹر، ہری مرچ، ہرا دھنیا وغیرہ سے گارنش کریں۔

مغز (گائے یا بکرے کا)
اجزاء:
مغز ... 2 عدد، ٹماٹر ... 2 عدد درمیانے، لونگ ... 4 عدد، نمک ... حسب ذائقہ، لال مرچ ... حسب ذائقہ، پیاز ... 2 عدد درمیانی، ہرا دھنیا، ہری مرچ ... چوپ آدھا کپ، تیل ... حسب ضرورت
ترکیب:
پانی ابال لیں اس میں نمک، لونگ اور مغز شامل کرکے مزید پانچ منٹ ابالیں، تیل میں پیاز فرائی کریں اور نکال لیں پھر اسی تیل میں ٹماٹر اور دوسرے مسالے ڈال کر فرائی کریں اب ابلے ہوئے مغز پر سے جھلی اتاردیں اور چھوٹے چھوٹے کیوب کرلیں اور ٹماٹر والے مکسچر میں ڈال دیں دو منٹ بھونیں اوپر سے فرائی پیاز چورا کرکے اور ہرا مسالا شامل کردیں اور مکس کرکے ڈش میں نکال لیں اوپر سے لیموں کا رس ادرک چوپ ہری مرچ سے گارنش کریں۔

کٹاکٹ
اجزاء:
کلیجی ... ایک عدد، گردے ... 2عدد، دل ... ایک عدد، کپورے ... 2عدد، دہی ... ایک پاؤ، ہری مرچ ... حسب پسند، کٹی لال مرچ ... حسب پسند، لیموں کا رس ... ایک ٹی اسپون، ثابت بھنا دھنیا ... ایک ٹی اسپون، بھنازیرہ ... ایک ٹی اسپون، چاٹ مسالا ... ایک ٹی اسپون، ہلدی ... ہاف ٹی اسپون، نمک ... حسب ضرورت، ٹماٹر ... 2عدد (چھلکا اتارلیں)
ترکیب:
کلیجی کو دھوکر کیوب میں کاٹ لیں، دل، گردے، کپورے بھی دھوکر کاٹ لیں کچھ دیر ہلدی لگاکر چھوڑدیں پھر نمک والے پانی میں دس منٹ ابالیں پانی اتنا ڈالیں کہ یہ اپنے پانی میں گل جائیں البتہ پانی میں پہلے کپورے اور گردے ڈال کر ابالیں پھر آخر میں 5 منٹ کے لیے کلیجی ڈال کر ابال لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کریں توئے یا فرائی پین میں ادرک، لہسن کا پیسٹ اور کلیجی گردے وغیرہ ڈال کر بھونیں دو منٹ بعد دہی ڈالیں پھر ایک ایک سیکنڈ کے وقفے سے تمام مسالے شامل کردیں، اب چھلکا اترے ٹماٹر، کتری ہوئی ہری مرچ، ادرک ڈال کر کٹا کٹ تیار کرنے والے چمچے سے تمام اجزا کو چوپ کریں جب تیل چھوٹ جائے تو اوپر سے لیموں کا رس ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ادرک ڈال کر پیش کریں۔

سیخ کباب
اجزاء:
گوشت کا باریک قیمہ ... ایک کلو، بھنا کٹا زیرہ، ثابت دھنیا ... ایک ٹیبل اسپون، اجوائن ... دو چٹکی، لیموں کا رس ... دو کھانے کے چمچے، پسی ہری مرچ ... ایک ٹی اسپون (حسب پسند)، باریک کٹا دھنیا، پودینہ ... آدھا کپ، کچے پپیتے کا پیسٹ ... دو کھانے کے چمچے، ایک چھوٹی چوپ پیاز ... دو کھانے کے چمچے، کالا نمک ... ہاف ٹی اسپون، زردے کا رنگ ... چوتھائی چمچا، ہلدی ... حسب ذائقہ، کٹی لال مرچ ... ایک ٹی اسپون (حسب پسند)، ٹماٹر کا پیسٹ ... آدھا کپ، دہی ... آدھا کپ، انڈا ... حسب پسند، ڈبل روٹی ... دو تین سلائس (حسب پسند)
ترکیب:
باریک قیمے کو دھوکر خشک کرلیں گرائنڈر میں تمام اجزا ڈال کر ایک دو بار گھمالیں پھر مکسچر کو لکڑی کی سیخوں پر چڑھاکر فرائی کرلیں اور کوئلے سے دھواں دیں یا پھر دھات کی سیخوں پر مکسچر لپیٹ کر کوئلوں پر تھوڑے تھوڑے تیل کے ساتھ روسٹ کریں اور سلاد کے ساتھ پیش کریں یا توے پر چپلی کباب کی طرح فرائی کرلیں۔

برہ کباب
اجزاء:
بکرے کا قیمہ ... ایک کلو، تِل ... 4 ٹیبل اسپون، ادرک، لہسن کا پیسٹ ... دو ٹیبل اسپون، پسا گرم مسالا ... ایک ٹی اسپون، کالی مرچ (کٹی) ... ایک ٹی اسپون (حسب پسند)، ہلدی ... ہاف ٹی اسپون، دارچینی پاؤڈر ... ہاف ٹی اسپون، لیموں کا رس ... دو چمچے، دہی ... آدھا کپ، فرائی پیاز ... ایک ٹیبل اسپون، چوپ ہرا مسالا ... آدھا کپ، نمک ... حسب ذائقہ، تیل ... حسب ضرورت
ترکیب:
قیمہ دھوکر اس کا تمام پنی نچوڑدیں، تِل فرائی کریں بغیر تیل ڈالے آدھے تِل اور تمام اجزا کو قیمہ میں مکس کرکے یا بوٹیاں بھی لی جاسکتی ہیں۔ گوشت کے پارچے بھی بنائے جاسکتے ہیں جو بھی گوشت کی شکل ہو اس پر تمام مسالے لگاکر آدھا کپ تیل شامل کردیں پھر ایک گھنٹہ فریج میں رکھ دیں پھر کباب کی شکل میں فرائی کریں اور کوئلے کا دھواں دیں یا کوئلوں پر سینک لیں یا المونیم کے فوائل میں اوون میں اسٹیم دیں پیش کرتے وقت بھنے تل اوپر سے ڈال دیں۔

سندھی الائچی گوشت
اجزاء:
بکرے کا گوشت ... آدھا کلو، سبز الائچی35 عدد، کالی مرچ پسی ... 2 ٹی اسپون، ہلدی، دھنیا، مرچ ... ایک ایک چائے کا چمچا، نمک ... حسب ضرورت، چھوٹے ٹماٹر ... 3عدد، دہی ... آدھا کپ
ترکیب:
گوشت کو ہیمر سے یا کانٹے سے گود لیں، دہی اور نمک ملاکر رکھ دیں، گرائنڈر میں دودھ یا پانی کے ساتھ سبز الائچی پیس لیں دیگچی میں تیل گرم کریں اور الائچی پیسٹ سمیت تمام اجز ڈال کر تیل چھوڑنے پر پھر دہی والا گوشت ڈال کر دو منٹ بھونیں پھر 4 کپ پانی ڈال کر گوشت کو درمیانی آنچ پر گلالیں اور جب گوشت تیل چھوڑنے لگے تو چولہا بند کردیں۔

مدراسی گوشت
اجزاء:
بکری کا لیگ پیس یا شولڈر پیس ... ایک کلو، گرم مسالا ... ایک چائے کا چمچا، نمک ... حسب ذائقہ، ہلدی، دھنیا، مرچ ... ایک ایک چائے کا چمچا، زیرہ پسا ... ایک ٹی اسپون، لہسن ادرک ... 2ٹیبل اسپون (چوپ)، پیاز ... 2عدد (سلائس)، ہری مرچ ... 3 عدد لمبائی میں کاٹ لیں
ترکیب:
تیل میں پیاز فرائی کرکے نکال لیں گوشت کو دھوکر تھوڑا نمک اور دہی ملاکر رکھ دیں اب تیل میں دو ٹماٹر چھلکا اتارے ہوئے اور تمام اجزا ڈال کر اتنا بھونیں کہ مسالا تیل چھوڑدے۔ اب اس میں گوشت ڈال کر بھونیں،4 کپ پانی ڈال کر گوشت کو گلنے دیں فرائی پیاز تھوڑا دہی ایک ٹماٹر بلینڈر میں ڈال کر مکس کریں اور گوشت میں شامل کردیں اور پانچ منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں حسب خواہش سالن رہ جائے تو چولہا بند کردیں اوپر سے گر مسالا ڈال کر پیش کریں۔

لکھنوی نلی قورمہ
اجزاء:
بکرے کا گوشت ... ایک کلو، زعفران، کیوڑا، عرق گلاب ... حسب پسند، بادام اور کاجو کا پیسٹ ... 40 گرام، ہری مرچیں ... 4 عدد، لہسن ادرک پیسٹ ... ایک کھانے کا چمچا، دودھ ... ایک کپ، دہی ... ایک کپ، کریم ... آدھا کپ، دھنیا ... ایک ٹی اسپون، گرم مسالا ... ایک ٹی اسپون، نمک ... حسب ذائقہ
ترکیب:
بکرے کی نلی والا گوشت دھوکر اس پر نمک، ہلدی لگادیں ایک پوٹلی میں ثابت دھنیا، زیرہ، کالی مرچ، تیز پات، جائفل، دار چینی، ثابت لہسن کے 4 جوئے باندھ دیں اب گوشت کو گلاس پانی اور پوٹلی کے ساتھ دس منٹ ابالیں پھر پوٹلی نکال کر پھینک دیں گھی میں تھوڑا مکس شامل کریں ایک بڑی پیاز فرائی کریں پیاز نرم ہوجائے تو تمام اجزا اور گوشت ڈال کر بھونیں، تیل چھوڑنے لگے تو دہی ڈال دیں پھر کریم اور دودھ ڈال کر مکس کریں اوپر سے پسا جائفل کا پاؤڈر، دارچینی کا پاؤڈر، کالی مرچ کا پاؤڈر، پسی الائچ کا پاؤڈر، عرق گلاب، کیوڑا یا زعفران ڈال کر ڈھانپ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں