حقیقی اپوزیشن کیلیے گورنر بھی استعفیٰ پیش کرےسلیم ضیا

ایم کیو ایم اورپی پی، گٹھ جوڑ سے نگراں سیٹ اپ کیلیے کھیل، کھیل رہی ہے، سلیم ضیا

ایم کیو ایم واقعی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو گورنر سندھ اپنا استعفیٰ پیش کریں۔ سلیم ضیا ۔ فوٹو: ایکسپریس

مسلم لیگ ن کے صوبائی جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اگر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو پھرگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد بھی اپنا استعفیٰ پیش کریں۔


حیدرآباد پریس کلب میں خالد عزیز آرائیں، حنیف صدیقی، پریل بگھیو و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم چار سال سے زائد عرصہ اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد اپوزیشن میں جاکر ڈرامہ رچارہی ہے اگر ایم کیو ایم واقعی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو گورنر سندھ اپنا استعفیٰ پیش کریں اور صوبائی و قومی اسمبلی میں حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا ووٹ لائے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ انھوںنے کہا کہ ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی گٹھ جوڑ سے نگراں سیٹ اپ کیلیے کھیل کھیل رہی ہے تاکہ مرضی کا نگراں سیٹ اپ لا کر اپنے مفادات حاصل کیے جا سکیں۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ5 سالوں میں 9 ہزار سے زائد افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں لیکن افسوس کہ ایک بھی قاتل نہیں پکڑا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف اور فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا کے مابین ہونے والی ملاقات موسمی خرابی کے باعث ملتوی ہوئی جو آئندہ چند روز میں متوقع ہیں۔ انھوں نے سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائے۔
Load Next Story