ٹرمپ نے قطر سے تنازع حل کرنے کےلیے سعودی عرب پر دباؤ بڑھا دیا

قطر سے تنازع نے کئی خلیجی ملکوں کو خلجان میں مبتلا کر رکھا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ


ویب ڈیسک September 01, 2017
خلیجی ممالک سے وابستہ مفادات کے باعث ٹرمپ نے مجبور ہوکر شاہ سلمان السعود کو فون کردیا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

قطر اور دیگر عرب ممالک کے مابین جاری تنازعات اور مسلسل بگڑتے ہوئے تعلقات کے سنگین اثرات ساری دنیا پر مرتب ہورہے ہیں جبکہ اس حوالے سے سعودی عرب پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شاہ سلمان کو بھی فون کردیا ہے۔

ٹرمپ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ٹیلی فون کرکے ان پر زور دیا کہ وہ قطر کے تنازع میں شامل دیگر تمام فریقین کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا سفارتی حل ڈھونڈیں کیونکہ اس معاملے نے کئی خلیجی ملکوں کو خلجان میں مبتلا کر رکھا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق وہائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر ٹرمپ اور شاہ سلمان کے درمیان ٹیلی فونی رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکہ خطے میں امن کا خواہش مند ہے۔

واضح رہے کہ اس سال جون سے شروع ہونے والے اس تنازعے میں سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ اسلامی عسکریت پسندوں اور ایران کی حمایت کرتا ہے؛ اور اس کے ساتھ اپنے سیاسی اور تجارتی تعلقات منقطع کر دیئے تھے۔

یہ تنازعہ بڑھنے کی صورت میں مذکورہ ممالک قطر کے ساتھ مکمل سفارتی قطع تعلق بھی کرسکتے ہیں اور ممکنہ طور پر ایک بڑی جنگ کا جنم بھی ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں