2017ء میں ہالی وُڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی وڈ اداکارائیں

ایما سٹون 26 ملین ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں


Rana Naseem September 02, 2017
فوربز کی طرف سے جاری فہرست کا اختتام ہالی وڈ کی معروف اداکارہ و گلوکارہ ایمی ایڈمز پر ہوتا ہے۔فوٹو : فائل

KARACHI: عالمی سطح پر شوبز انڈسٹری کی کامیابی، چمک دمک اور رعنائی اگرچہ اس شعبہ سے جڑے افراد کی بہترین صلاحیتوں اور انتھک محنت کا ثمر ہے، لیکن سرمایہ وہ حقیقت ہے، جس نے اس شاندار عمارت کو بنیاد فراہم کی۔

یہ سرمایہ ہی ہے، جس نے نہ صرف شوبز کو صنعت کا درجہ دلوایا بلکہ اس سے جڑے کئی افراد کو بھی ''ککھ سے لکھ'' بنا دیا۔ آج شوبز کی صنعت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے اور اسی تناسب سے اس میں کام کرنی والی شخصیات کی کمائی بھی کروڑوں ڈالر سالانہ تک پہنچ چکی ہے۔ حال ہی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی بزنس میگزین ''فوربز'' نے رواں سال (2017ء) کے لئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست جاری کی ہے، جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔

ایما سٹون


ایما سٹون فوربز کی رینکنگ کے مطابق 2017ء میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ ہیں، جو اب تک 26 ملین ڈالر (2 ارب 60 کروڑ روپے) کما چکی ہیں۔ ایما سٹون کو رواں سال 26 فروری کو منعقد ہونے والے 89 ویں آسکرز میں فلم لالا لینڈ کے لئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ 6 نومبر 1988ء کو سکاٹسڈیل، ایریزونا میں پیدا ہونے والی ایملی جین سٹون (پورا نام) آسکرز ایوارڈ کے علاوہ اکیڈمی ایوارڈ، بی اے ایف ٹی اے ایوارڈ، گولڈن گلوب ایوارڈ اور تین بار سکرین ایکٹر گیلڈ ایوارڈز حاصل کر چکی ہیں۔

امریکی اداکارہ کو 2013ء میں فوربز سیلیبریٹی اور 2017ء میں ٹائمز(معروف امریکی میگزین) کی طرف سے جاری سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق موجودہ نسل کی باصلاحیت ترین اداکارہ نے صرف 12 سال کی عمر میں ادکاری کا آغاز کر دیا تھا، ان کا پہلا تھیٹر ''دی ونڈ ان دی ویلووز'' تھا۔ کچھ عرصہ بعد ہی وہ اپنی والدہ کے ساتھ لاس اینجلس چلی گئیں، جہاں 2004ء میں انہوں نے پہلی بار ٹیلی ویژن میں کام کیا۔ تھیٹر، ٹی وی کے بعد اداکارہ نے تین سال بعد فلمی صنعت کا رخ کیا تو 2007ء میں انہیں ان کی پہلی ہی فلم ''سوپربیڈ'' کے لئے ینگ ہالی وڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پہلی فلم کے بعد زوبی لینڈ(2009ء)، ایزی اے(2010ء)، کریزی، سٹوپڈ،لو(2011ء)، دی امیزنگ سپائڈر مین(2012 ء اور 2014ء)، برڈ مین (ڈرامہ، 2014ء) اور لالالینڈ (2016ء) جیسی مقبول ترین فلموں نے ایما کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

جینیفر انسٹون


امریکی اداکارہ، پروڈیوسر اور بزنس وومن جینیفر انسٹون نے اس سال 25.5 ملین ڈالر ( 2 ارب 55کروڑ روپے) کمائی کی، جس میں زیادہ حصہ ان کے اشتہارات کے کنٹرکٹس کا ہے۔ جینیفر یونانی نژاد اداکار جون انسٹون اور نینسی ڈو کی بیٹی ہیں۔ 11 فروری 1969ء کو کیلی فورنیا میں پیدا ہونے والی معروف اداکارہ کو امریکی ٹیلی ویژن کے ایک دلچسپ و مزاحیہ ڈرامے ''فرینڈز'' سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی، اس ڈرامہ میں جینیفر نے ریچل گرین کا کردار نبھایا، جس پر انہیں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ، گولڈن گلوب ایوارڈ اور سکرین ایکٹر گیلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

باکس آفس میں اداکارہ نے کامیڈی اور رومانوی کامیڈی پر مشتمل متعدد فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس ضمن میں بروس آل مائیٹی(2003ء)، دی بریک اپ(2006ء)،میرلے اینڈ می(2008ء)، جسٹ گو ود اٹ(2011ء)، ہوریبل باسسز(2011ء)، ویی آر دی ملرز(2013ء) ان کی بہترین فلمیں ہیں، جن کی خاص بات یہ بھی ہے کہ ان میں شامل ہر فلم نے 2 سو ملین ڈالر سے زیادہ کمائی کی۔ 2008ء میں اداکارہ نے اشتراک سے ایک پروڈکشن کمپنی بھی بنائی۔ جینیفر کو ''پیپل میگزین'' کی طرف سے بنائی جانے والی فہرست میں دو بار یعنی 2004ء اور 2006ء میں دنیا کی خوبصورت ترین خاتون بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ ہالی وڈ کے معروف اداکارہ بریڈ پٹ سے ان کی شادی صرف 5 سال ہی چل سکی، جس کے بعد 2015ء میں انہوں نے امریکی اداکار جسٹین تھیروکس سے شادی کر لی۔

جینیفر لارنس


فوربز کی چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے یعنی تیسرے نمبر پر آنے والی اداکارہ کا نام جینیفر لارنس ہے، جو 2017ء میں اب تک 24 ملین ڈالر ( 2 ارب 40 کروڑ روپے) کما چکی ہیں۔ امریکی ریاست کینٹکی کے شہر انڈین ہلز میں 15 اگست 1990ء کو پیدا ہونے والی جینیفر شراڈر لارنس 2015ء اور 2016ء میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 2013ء میں دنیا کی سو بااثر ترین شخصیات میں شمولیت اور 2014ء،2016ء میں فوربز سیلیبریٹی کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔

بچپن میں اداکارہ چرچ میں مذہبی تماثیل اور سکول میوزک پروگرامز میں بھی پرفارم کر چکی ہیں، تاہم اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر وہ جلد ہی نیویارک سے لاس اینجلس پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے ٹیلی ویژن پروگرامز میں مہمان اداکارہ کا کردار نبھانا شروع کیا۔ لارنس نے پہلی بار 2007ء میں آن ایئر ہونے والے دلچسپ و مزاحیہ ڈرامہ دی بل اینگوال شو میں مرکزی کردار نبھا کر بڑے بڑے اداکاروں کو چیلنج کر دیا۔ اداکارہ کی پہلی فلم (گارڈن پارٹی) 2008ء میں ریلیز ہوئی، تاہم مقبولیت کی سیڑھی پر چڑھنے کا آغاز 2011ء میں اس وقت ہوا، جب انہوں نے مشہور زمانہ فلم ''ایکس مین'' میں کام کیا۔ جینیفر لارنس کو ان کی بہترین پرفارمنس پر اکیڈمی ایوارڈ، تین بار گولڈ گلوب ایوارڈ، بی اے ایف ٹی اے ایوارڈ، سات بار ایم ٹی وی ایوارڈ اور ساٹورن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے، وہ اب تک 25 فلموں، 8 ڈراموں اور ایک میوزک ویڈیو میں کام کر چکی ہیں۔

ملیسا مک کارتی


کامیڈی کی دنیا میں منفرد پہچان رکھنے والی امریکی اداکارہ، لکھاری، فیشن ڈیزائنر اور پروڈیوسر ملیسا مک کارتی 18 ملین ڈالر ( ایک ارب 80 کروڑ روپے) کمائی سے فوربز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔ امریکی ریاست شکاگو میں 26 اگست 1970ء میں پیدا ہونے والی اداکارہ 90کی دہائی کے اواخر میں سکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔ 2000ء میں آن ایئر ہونے والی ٹیلی ویژن سیریز ''گلمور گرلز'' ملیسا کی ملکی سطح پر پہچان کا ذریعہ بنی۔ ملیسا کو پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ (2011ء)، الائنس آف وومن فلم جرنلسٹ ایوارڈ(2011ء)، بوسٹن سوسائٹی آف فلم کریٹکس(2011ء)، ایم ٹی وی موویز اینڈ ٹی وی ایوارڈ(2012ء)، ٹین چوائس ایوارڈ(2013ء)،تین بار پیپلزچوائس ایوارڈ (2015ء، 2016ء،2017ء) کڈز چوائس ایوارڈ(2017ء) سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔

میلا کونیس


یوکرائنی نژاد امریکی اداکارہ میلا کونیس 15.5 ملین ڈالر (ایک ارب 55 کروڑ روپے) کمائی کے ساتھ فوربز ریٹنگ میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ 14 اگست 1983ء کو جنم لینے والی ادکارہ کی والدہ فزکس ٹیچر جبکہ والد میکنیکل انجینئر ہیں۔ 7 سال کی عمر میں میلا اپنی فیملی کے ہمراہ یوکرائن سے لاس اینجلس آئیں، جہاں انہوں نے روایتی تعلیم کے ساتھ اداکاری کی کلاسز بھی لیں۔ اپنی پندرہویں سالگرہ سے قبل وہ فاکس ٹی وی کی معروف سیریز ''دیٹ سیونٹز شو'' میں مرکزی کردار ادا کر چکی تھیں۔ میلا نے اپنا فلمی سفر گو کہ 1995ء میں فلم ''پرانہ'' سے شروع کیا لیکن دنیا بھر میں انہیں پہچان 2010ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''بلیک سوان'' سے ملی۔ اداکارہ اب تک سپائک ویڈیو گیم ایوارڈ(2006ء)، وینس فلم ایوارڈ(2010ء)، اوکلوہاما فلم کریٹکس سرکل ایوارڈ(2010ء)، ساٹورن ایوارڈ(2011ء)، سکریم ایوارڈ(2011ء) اور ایم ٹی وی مووی ایوارڈ(2014ء) جیت چکی ہیں۔

ایما واٹسن


برطانوی سٹار اداکارہ، سپر ماڈل اور سماجی کارکن ایما واٹسن نے چند ماہ قبل ریلیز ہونے والی معروف فلم ''بیوٹی اینڈ دی بیسٹ'' اور مختلف اشتہارات کی بدولت 14ملین ڈالر (ایک ارب 40کروڑ روپے) کمائے۔ 15اپریل 1990ء کو پیرس میں پیدا ہونے والی اداکارہ والدین میں علیحدگی کے باعث صرف 5 سال کی عمر میں برطانیہ آ گئیں۔ 1999ء میں ایما کے کیرئیر کا آغاز مشہور زمانہ فلم ''ہیری پوٹر'' سے ہوا، جس میں انہوں نے ہرمیون گرینجر کے نام سے ہیری کی دوست کا کردار نبھایا اور پھر وہ ''ہیری پوٹر'' فلم کی تمام 8 سیریز میں نظر آئیں۔ ایما واٹسن نے ''ہیری پوٹر'' کے علاوہ ''دی پرکس آف بینگ اے وال فلاور''، ''دی بلنگ رنگ''، دس از دی اینڈ''، ''نوح''، ''بیوٹی اینڈ بیسٹ'' اور '' دی سرکل'' جیسی مقبول فلموں میں کام کیا۔ بہترین پرفارمنس کی بنیاد پر ایما کو ینگ آرٹسٹ ایوارڈ (2002ء)، نیشنل مووی ایوارڈ(2007ء)، کیپری آرٹ فلم فیسٹیول ایوارڈ(2011ء)، ٹین چوائس ایوارڈ(2011ء)، پیپلزچوائس ایوارڈ(2012ء)، ایم ٹی وی ایوارڈ(2012ء)، برٹش فیشن ایوارڈ (2014ء) اور ٹین چوائس ایوارڈ(2017ء) سے نوازا جا چکا ہے۔

شارلیز تھیرن


جنوبی افریقین حسینہ شارلیز تھیرن نے 14 ملین ڈالر (ایک ارب 40 کروڑ روپے) کما کر ایما واٹسن کے ساتھ جگہ بنائی ہے۔ 7 اگست 1975ء کو جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والی تھیرن آج امریکہ کی مقبول ترین اداکاراؤں اور پروڈیوسرز میں شمار ہوتی ہیں۔ 2007ء میں امریکی شہریت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بحیثیت ڈانسر کیا، تاہم 16 برس کی عمر میں انہوں نے پہلا ایک سال کنٹریکٹ سائن کیا، جو انہیں اٹلی میں منعقد ہونے والے ایک مقابلہ کو جیتنے پر ملا۔ یورپ میں ماڈلنگ کرتے ہوئے تھیرن کو ایک سال گزر گیا تو انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ نیویارک کا رخ کر لیا۔ 19سال کی عمر میں تھیرن نے فلم انڈسٹری میں کام ڈھونڈنے کے لئے لاس اینجلس کی طرف پیش قدمی کی تو چند ماہ بعد ہی کامیابی نے ان کے قدم چوم لئے۔

اداکارہ کی فلمی کیرئیر کا آغاز 1995ء میں بننے والی ہارر فلم ''چلڈرن آف دی کارنIII'' سے ہوا، اس فلم میں گو کہ انہیں مرکزی کردار نہیں ملا، لیکن جوہری ہیرے کی تلاش کر چکے تھے۔ صرف ایک سال یعنی 2000ء میں تھیرن نے پانچ کامیاب فلمیں دیں۔ کامیاب بالی وڈ اداکارہ اب تک 45 فلموں، 9 ٹی وی پروگرامز اور ایک ویڈیو گیم میں کام کر چکی ہیں۔ 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''مونسٹر'' اداکارہ کی وہ کامیاب فلم تھیں، جس نے انہیں مختلف 21 ایوارڈ سے نوازا۔ تھیرن اب تک اکیڈمی ایوارڈ، کریٹکس چوائس ایوارڈ، گولڈن گلوب ایوارڈ، نیشنل بورڈ آف ریویو ایوارڈ، سکرین ایکٹرز گیلڈ ایوارڈ، شکاگو فلم کریٹکس ایسوسی ایشن ایوارڈ، انٹرنیشنل آن لائن فلم کریٹکس پول ایوارڈ، اٹالین آن لائن موسی ایوارڈ، لاس ویگاس فلم کریٹکس سوسائٹی ایوارڈ، نیویارک فلم کریٹکس آن لائن ایوارڈ، وویمن فلم کریٹکس سرکل ایوارڈ، برلن انٹرنیشنل فلم ایوارڈ، ہالی وڈ فلم سمیت متعدد ایوارڈ جیت چکی ہیں۔

کیٹ بلانچٹ


آسٹریلوی اداکارہ و تھیٹر ڈائریکٹر کیٹ بلانچٹ فوربز کی ریٹنگ میں آٹھویں نمبر پر براجمان ہے، جنہوں نے رواں سال 12 ملین ڈالر (ایک ارب 20 کروڑ) کمائے۔ 14 مئی 1969ء کو ملبورن میں پیدا ہونے والی اداکارہ کی والدہ ایک ٹیچر جبکہ والد امریکی نیوی میں افسر تھے۔ وہ دو آسکر ایوارڈز(واحد آسٹریلوی اداکارہ)، دو اکیڈمی ایوارڈز، چھ آسٹریلین اکیڈمی ایوارڈز، تین سکرین ایکٹرز گیلڈ ایوارڈ، تین گولڈن گلوب ایوارڈ اور تین برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز جیت چکی ہیں۔ بلانچٹ کو بین الاقوامی توجہ ان کے ایلزبتھ اول کے کردار کی وجہ سے حاصل ہوئی۔ وہ اب تک 50 سے زائد فلموں اور 20 تھیٹرز میں کام کر چکی ہیں۔

جولیا رابرٹس


امریکی اداکارہ و پروڈیوسر جویلیا رابرٹس نے بھی رواں سال 12 ملین ڈالر (ایک ارب 20 کروڑ روپے) کمائی کی ہے۔ 28 اکتوبر 1967ء کو جارجیا میں پیدا ہونے والی سٹار اداکارہ نے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز اگرچہ 1988ء میں بننے والی فلم ''سیٹسفکیشن'' سے کیا، لیکن 1990ء میں بننے والی رومانوی مزاحیہ فلم ''پریٹی وومن'' نے انہیں راتوں رات ہالی وڈ کا سٹار بنا دیا، اس فلم نے دنیا بھر میں 464 ملین ڈالر کما کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ جولیا اب تک 51 فلموں اور 18 ٹی وی ڈرامہ و پروگرامز میں کام کر چکی ہیں۔ وہ اب تک گولڈن گلوب ایوارڈ، اکیڈمی ایوارڈ، برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈ، کریٹکس چوائس مووی ایوارڈ، سکرین ایکٹر گیلڈ ایوارڈ، بلاک بسٹر انٹرٹینمنٹ ایوارڈ، ایم ٹی وی مووی ایوارڈ، لندن فلم کریٹکس سرکل ایوارڈ، لاس اینجلس ایوارڈ، نیشنل بورڈ آف ریویو سمیت متعدد ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔

ایمی ایڈمز


فوربز کی طرف سے جاری فہرست کا اختتام ہالی وڈ کی معروف اداکارہ و گلوکارہ ایمی ایڈمز پر ہوتا ہے، جنہوں نے 2017ء میں اب تک 11.5 ملین ڈالر ( ایک ارب 15 کروڑ روپے) کما لئے ہیں۔ اس کمائی کا بڑا حصہ انہیں 2016ء میں ریلیز ہونے والی فلموں '' آرائیول'' اور ''نوکٹورنل انیمل'' سے حاصل ہوا۔ 20 اگست 1974ء میں اٹلی میں پیدا ہونے والی اداکارہ کے والد امریکی آرمی کے سابق افسر ہیں۔ 2014ء میں ٹائم میگزین نے انہیں دنیا کے سو بااثر ترین شخصیات میں شامل کیا۔ ایمی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1999ء میں بننے والی فلم ''ڈروپ ڈیڈ گورجیئس'' سے، جس کے بعد وہ لاس اینجلس چلی گئیں، جہاں انہوں نے متعدد فلموں اور ٹی وی پروگرامز و ڈراموں میں کام کیا، تاہم 2005ء میں بننے والی فلم ''جون بگ'' نے انہیں سٹار بنا دیا، اس فلم میں بہترین اداکاری کے باعث انہیں متعدد ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایمی اب تک 42 فلموں اور 12 ٹی وی پروگرامز و ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ اداکارہ اپنی بہترین اداکاری کی بابت اب تک مجموعی طور پر 36 مختلف ایوارڈز سے نوازی جا چکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں