امریکا میں سمندری طوفان سے ہلاکتیں 47 ہوگئیں ایک لاکھ مکان تباہ

سیلاب کے باعث تیل صاف کرنے والی ریفائنریاں بند، ہوسٹن میں کیمیکل پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی

ٹرمپ کا 10 لاکھ ڈالر عطیہ، کانگریس کو 6 ارب ڈالر امدادی رقم جاری کرنے کی تجویز دیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
امریکا میں سمندری طوفان سے ہلاکتیں 47 ہوگئیں جبکہ ایک لاکھ مکان تباہ ہوگئے، طوفان ''ہاروی'' اب لوزیانا سے مسی سیپی کی جانب بڑھنے لگا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے جنوبی علاقوں میں آنے والے ہاروی سمندری طوفان کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلیے کانگریس سے امدادی فنڈ جاری کرنے کی درخواست کریں گے۔ ٹرمپ کانگریس میں تقریباً 6ارب ڈالر کی امدادی رقم جاری کرنے تجویز لے کر جائیں گے۔ اس سے پہلے ٹیکساس کے گورنر نے کہا تھا کہ ریاست کو تعمیر نوکے لیے 125 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جب کہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ذاتی طور پر 10 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ایک لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ طوفان سے ہلاکتیں 47 ہوگئی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے تیل صاف کرنے کی ریفائنریاں بند پڑی ہیں جبکہ ہوسٹن کے قریب ایک کیمیکل پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ ہوسٹن کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے 9 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی وجہ سے پلانٹ سے گیس خارج نہیں ہوئی ہے۔ سیکڑوں گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہے۔ ٹیکساس اور لوزیانا کے بعد سمندری طوفان ہاروی اب مسی سیپی کی جانب بڑھنے لگا ہے۔
Load Next Story