اسپین میں شمالی کوریا کے سفارتخانے کو عملہ کم کرنے کا حکم

حکم شمالی کوریاکی طرف سے میزائل اورجوہری تجربات کے خلاف احتجاج کے طورپرجاری کیاگیا،میڈیا


News Agencies September 02, 2017
پیانگ یانگ کے میزائل تجربات کے جواب میں امریکی لڑاکاطیاروں نے جزیرہ نماکوریاکے اوپرپروازیں کیں۔ فوٹو: رائٹرز / فائل

اسپین میں حکام نے شمالی کوریا کے سفارتخانے کو عملہ کم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسپین کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حکم شمالی کوریاکی طرف سے میزائل اور جوہری تجربات کے خلاف احتجاج کے طور پر جاری کیا گیا ہے جو خطے میں امن و امان کے قیام کیلیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ حکام نے سفارتخانے کو انتباہ کیا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات بھی خراب ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ چند ماہ سے ایسے تجربات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ علاوہ ازیں امریکااور اس کے اتحادیوں نے ایک بار پھر شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے جزیرہ نما کوریا کے اوپر سے جدید ترین جیٹ طیاروں کی پروازکی۔

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق اس مشق میں گوام کے اڈے سے دو B-1 طیاروں کے ساتھ جاپان میں موجود امریکی فوجی اڈے سے 4F-35 لڑاکا جیٹ طیاروں نے جزیرہ نما کوریا کے اوپر10گھنٹے تک پرواز کی، امریکی جیٹ طیاروں کی پرواز کے دوران جاپان کی مسلح افواج کے طیاروں نے بھی جاپانی پانیوں کے اوپر سے پرواز کی، اس کے علاوہ جنوبی کوریا کے 4 لڑاکا طیاروں نے بھی جزیرہ نما کوریا میں اڑان بھری جس کے دوران مشق کے طور پر پلسنگ تربیتی مرکز کی رینج میں گولے برسائے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔