چین نے شہباز شریف کے حوالے سے عمران خان کے جھوٹے الزامات کو مسترد کر دیا مریم اورنگزیب

عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پر الزام لگا کرپنجاب کےلوگوں بلخصوص ملتان کی عوام کی ترقی کے حق پرحملہ کیا، وفاقی وزیر

عمران خان نے پچھلے 4 سال سے جھوٹ بولنے اور یو ٹرن لینے میں ریکارڈ قائم کئے ہیں، مریم اورنگزیب- فوٹو: فائل

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں جب کہ چینی سفارتخانے نے عمران خان کے جھوٹے الزامات کو مسترد کر دیا۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر عمران خان کو شرمندگی کا سامنہ کرنا پڑا لیکن شرمندہ تو وہ شخص ہوتا ہے جس میں شرم ہوتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں جب کہ چینی سفارتخانے کی وضاحت نے عمران خان کے جھوٹےالزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پر الزام لگا کر پنجاب کے لوگوں بلخصوص ملتان کی عوام کی ترقی کے حق پر حملہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں ایک بھی منصوبہ کاغذ پر بھی نہ بنا سکے، کے پی کے میں احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا گیا جب کہ خان صاحب اپنے صوبے میں ڈینگی اور سیلاب پر بھی قابو نہ پا سکے لیکن پچھلے 4 سال سے جھوٹ بولنے اور یو ٹرن لینے میں ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بدترین دشمن بھی ہم پر ایک بھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکے جب کہ یہ پتہ لگانہ لازم ہے کہ عمران خان کا یابیتی کمپنی سے کیا تعلق ہے۔
Load Next Story