دیکھنا ہوگا کہیں جامعات دہشت گردوں کی افزائش گاہ تو نہیں بن گئیں مرادعلی شاہ

حملے کا پلان نہ ہی اس شہر اور نہ ہی اس صوبے میں بنا ہوگا، مراد علی شاہ

وفاق حکومت سے کچھ تنظیموں کو شیڈول ون پر ڈالنے کا کہا تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا، مراد علی شاہ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انصار الشریعہ کراچی سے آپریٹ نہیں کررہی جب کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہیں جامعات دہشت گردوں کی افزائش گاہ تو نہیں بن گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما خواجہ اظہار سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے خواجہ اظہار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا، بچے اور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس ہے، آج صبح وطن واپس پہنچتے ہی خواجہ اظہار سے افسوس کرنے آیا ہوں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عید کے روز کوئی بھی شخص یقین نہیں کر سکتا کہ ایسا واقعہ ہوگا، حملہ آور اس علاقے کے نہیں تھے جب کہ حملے کا پلان نہ ہی اس شہر اور نہ ہی اس صوبے میں بنا ہوگا، سندھ حکومت نے ایم کیوایم پاکستان کو بھرپور سیکیورٹی دی تاہم اگر ضرورت پڑی تو مزید سیکیورٹی مہیا کریں گے۔


مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کچھ تنظیموں کے نام شیڈول ون میں ڈالنے کا کہا تھا، لیکن بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے ان تنظیموں کو واچ لسٹ پر بھی نہیں ڈالا جب کہ انصار الشریعہ کراچی سے آپریٹ نہیں کر رہی، دہشت گردی قومی مسئلہ ہے سب نے مل کر اس کا حل تلاش کرنا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو منظر عام پر لا کر بے نقاب کریں گے، یہ واقعہ اسٹریٹ کرائم کا نہیں تھا جب کہ ہمیں دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کو شکست دینا ہوگی۔

Load Next Story