برطانوی شاہی جوڑے کے ہاں ایک اور ننھے مہمان کی آمد متوقع

شاہی محل نے تصدیق کر دی کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن امید سے ہیں


ویب ڈیسک September 04, 2017
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے، شاہی محل ۔ فوٹو : فائل

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں ایک اور خوشخبری آنے والی ہے اور شاہی محل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شہزادی ایک بار پھر امید سے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینسنگٹن پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ ان کے ہاں جلد تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ تاہم بیان میں بچے کی پیدائش کا وقت اور اس کی جنس نہیں بتائی گئی۔

شہزادہ چارلس اور آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے 35 سالہ ولیم کے بڑے بیٹے کا نام پرنس جارج ہے جس کی عمر 4 سال ہے جبکہ ان کی بیٹی شہزادی شارلے کی عمر 2 برس ہے۔ پرنس ولیم برطانوی تخت شاہی کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان کی تیسری اولاد جانشینی کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہو گی۔ شہزادہ ولیم کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش سے ان کے بھائی شہزادہ ہیری کو بادشاہت ملنے کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے۔

شاہی جوڑے کے ہاں خوشخبری آنے کی خبر سن کر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بہت ہی زبردست خبر ہے۔ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم بھی اس پر بہت خوش ہیں کیوں کہ وہ تیسری بار پردادی بننے جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں