پلاننگ ڈویژن اہم منصوبوں کیلیے فنڈز جاری کرنے میں ناکام

سی پیک کے تحت نیوگوادرایئرپورٹ،ای پی زیڈ،انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ ودیگر پروجیکٹس شامل

تعلیمی اصلاحاتی اقدام،مدارس کو قومی دھا رے میں لانے سمیت متعدد منصوبے بھی فنڈز سے محروم۔ فوٹو: فائل

MELBOURNE/PASADENA/SAN JOSE:
رواں مالی سال کے پہلے 2 مہینوں کے دوران پلاننگ کمیشن کی جانب سے اہم وزارتوں اور ڈویژنوں کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے جا سکے جس کے باعث چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نیوگوادر انٹر نیشنل ایئرپورٹ، سی پیک کے تحت گوادر میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ، قومی تعلیمی نظام میں اصلاحاتی اقدام،راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈ کے مکینوں کو خانپور ڈیم فیز تھری سے پانی کی سپلائی، مدارس کو قومی دھا رے میں لانے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے فنڈز سے محروم ہیں۔

دستیاب دستاویز کے مطابق پلاننگ کمیشن کی جانب سے رواں مالی سال تاحال مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کو پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت مختص1 ہزار1 ارب روپے ترقیا تی فنڈز میں سے 130ارب31 کروڑ روپے جا ری کیے گئے ہیں لیکن تاحال اہم وزارتوں اور ڈویژنوں کو مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران ایک روپیہ بھی ترقیاتی فنڈ کی مد میں جاری نہیں کیا جا سکا۔ ایو ی ایشن ڈویژن کے مختص ترقیاتی بجٹ 4ارب 34کروڑ، ڈیفنس ڈویژن1ارب 20کروڑ، ڈیفنس پر وڈکشن ڈویژن کو 4ارب 46کروڑ، فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن کو 2ارب 96کروڑ، فارن افئیر ڈویژن کو 20کروڑ، ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 10ارب 38کروڑ ، انڈ سٹریز اینڈ پروڈ کشن کو 2ارب 73کروڑ، انٹروینشل کوآر ڈینیشن کو3ارب 4کروڑ اور لا اینڈ جسٹس ڈویژن کو 1ارب 20کروڑ روپے میںسے ابھی تک کوئی فنڈز جاری نہیں کیے جا سکے۔


اسی طرح نیشنل سیکیورٹی ڈویژن شماریات ڈویژن، ٹیکسٹائل ڈویژن، پاور ڈویژن بھی فنڈز سے محروم ہیں، اگر فنڈ ز سے محروم ان وزاتوں میں جاری اہم منصوبوں کا ذکر کیا جائے تو معلوم ہوگاکہ سی پیک اور قومی ترقی کے اہم منصوبے جو رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل ہیں کو فنڈز تاحال نہیں جاری ہو سکے۔

واضح رہے کہ ان منصوبوں میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نیوگوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ، سی پیک کے تحت گوادر میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ، قومی تعلیمی نظام میں اصلاحاتی اقدام،راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈ کے مکینوں کو خانپور ڈیم فیز تھری سے پانی کی سپلائی، مدارس کو قومی دھا رے میں لانے سمیت دیگر اہم منصوبے شامل تھے۔

اسی طرح فنڈز سے اب تک محروم منصوبوں میں 34ارب 77کروڑ 13لاکھ روپے لاگت سے نیشنل فیڈرل ڈیولپمنٹ پروگرام، 12ارب 50کروڑ روپے لاگت سے انرجی فار آل پروگرام، 12ارب 50کروڑ روپے لاگت سے کلین ڈرنکنگ واٹر فار آل پروگرام اور گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔
Load Next Story