دورۂ اومان کیلیے ہاکی اسکواڈ کی تیاریوں کا حتمی جائزہ
پاکستان ہاکی فیڈریشن مستقبل میں نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں کھیپ تیار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پلیئرز کو انٹرنیشنل میچوں کا تجربہ دلانے کیلیے رواں ماہ دورہ اومان کا پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، میزبان سائیڈ کے خلاف سیریز کیلیے18رکنی حتمی ٹیم کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے، شاہ جی احمد کو کپتان بنایا گیا ہے جبکہ محمد عتیق کو نائب کپتانی کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔
کھلاڑیوں میں حافظ علی عمیر، اسد عزیز، محمد سہیل منظور، فیضان، رانا سہیل ریاض، محمد عتیق (نائب کپتان)، شان ارشاد، محمد نوید، اویس الرحمن، علی رضا، مبشر علی، تعظیم الحسن، تیمور ملک، شاہ جی احمد (کپتان)، سمیع اللہ، عبدالجبار، نوہیز زاہد ملک اور عامر علی جبکہ ٹیم منیجمنٹ میں منصور احمد ٹیم منیجر، محمد عثمان، محمد ثقلین اور ریحان بٹ کوچز اور وقاص محمود فزیو تھراپسٹ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 9 تا 15ستمبر تک مسقط میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کیلیے قومی ڈیولپمنٹ ہاکی ٹیم 7ستمبر کو مسقط روانہ ہوگی اور 16ستمبر کو وطن واپس آئے گی۔ ادھر دورۂ اومان کیلیے پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ اسکواڈ نے گزشتہ رات عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کیمپ میں رپورٹ کر دی، خصوصی مشقوں کا باقاعدہ آغاز منگل سے ایک بار پھر ہوگا۔ 2 روزہ کیمپ کے دوران فزیکل فٹنس کے ساتھ ہاف ٹیم ٹریننگ اور پنالٹی کارنر کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
قومی کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ کیمپ کے اختتام پر کھلاڑیوں کو فٹنس پلان دیا گیا تھا، عید الاضحیٰ کی تعطیلات میں کتنے پلیئرز نے اس پر عمل درآمد کیا، کون سا کھلاڑی سپر فٹ اور کس کی فٹنس میں کمی آئی ہے، منگل کی صبح اس کا مکمل طور پر جائزہ لیا جائے گا۔
''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں محمد ثقلینکا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد اب کھلاڑی پہلی بار کراچی میں ٹریننگ کریں گے، ہمارا زیادہ تر فوکس کھلاڑیوں کو ایک بار پھر سپر فٹ بنانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ 2 روزہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو نہ صرف فائیو اے سائیڈ پریکٹس میچز کھلائے جائیں گے بلکہ پنالٹی کارنر کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے خصوصی ڈرلز بھی کروائی جائیں گی۔
ایک سوال پر محمد ثقلین نے کہا کہ ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف میزبان سائیڈ آسان حریف نہیں ہے تاہم اچھے نتائج دے کر وطن واپس لوٹیں گے۔