ورلڈ الیون میں شمولیت بین کٹنگ کیلیے منفرد تجربہ

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے عمل کا حصہ بننا خوش آئند ہے، کینگرو پلیئر

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے عمل کا حصہ بننا خوش آئند ہے، کینگرو پلیئر۔ فوٹو: نیٹ

بین کٹنگ نے ورلڈ الیون میں شمولیت کو منفرد تجربہ قرار دیدیا۔

ورلڈ الیون میں شامل بین کٹنگ نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے پاکستانی میدان ویران رہے لیکن اب حالات کافی بہتر نظر آرہے ہیں،پی ایس ایل کا فائنل بڑے خوشگوار انداز میں مکمل ہوا،اس میں شریک غیر ملکی کرکٹرز سے بات ہوئی تو انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا، سیکیورٹی ماہرین نے بھی مثبت رائے دی جس کے بعد میرے لیے ٹور کا فیصلہ آسان ہوگیا۔

فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر نے کہا کہ ورلڈ الیون میں شمولیت ایک منفرد تجربہ ہے، بچپن میں اس نوعیت کے میچز دیکھ کر لطف اندوز ہوتا رہا ہوں، اسٹارز سے مزیئن اسکواڈ اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے عمل کا حصہ بننا میری اور عالمی کرکٹ کیلیے بڑی خوش آئند بات ہے،امید ہے کہ ورلڈ الیون سے سیریز کے بعد سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، یوں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلتے چلے جائیں گے۔


ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تو تمام عزیزوں اور دوستوں نے حمایت کی،سب سمجھتے ہیں کہ ورلڈ الیون کی سیریز کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے ملک میں انٹرنیشنل میچز کی بحالی کیلیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ الیون میں بین کٹنگ کے ساتھ 2 دیگرآسٹریلوی کرکٹرز جارج بیلی اور ٹم پین بھی شامل ہیں۔

 
Load Next Story