رائس ایکسپورٹرز کا روہنگیا کو پاکستان بسانے کا اعلان

1ہزار خاندانوں کولایا،جگہ کے ساتھ باعزت نوکری اوربچوں کو تعلیم دلوائی جائے گی


Business Reporter September 06, 2017
وفد مدد کیلیے بنگلادیش بھی جانا چاہتا ہے، پیشکش کیلیے متعلقین کوخطوط لکھ دیے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی تاجربرادی میانمارمیں ظلم کا شکار روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لیے میدان میں نکل آئی ہے۔

پاکستان کے چاول کے ایکسپورٹرز کی نمائندہ انجمن رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن نے ایک ہزار مسلمان روہنگیا خاندانوں کو پاکستان لانے، ان کو جگہ فراہم کرنے کے ساتھ باعزت نوکری دینے اور ان کے بچوں کو تعلیم دلوانے کا اعلان کیا ہے۔

رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمود مولوی کے مطابق ایک ہزار مسلمان روہنگیا خاندانوں کی آبادکاری کے علاوہ ایسوسی ایشن کا ایک وفد فوری طورپر بنگلہ دیش جاناچاہتا ہے جہاں وہ متاثرہ خاندانوں کو راشن اور دیگر چیزیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ بنگلہ دیشن میں موجود اپنے سفیر کے ذریعے ایسوسی ایشن کے اراکین کو ان کے کیمپس تک پہنچانے اور ان کی امداد کیلیے سہولتیں فراہم کرے۔

محمود مولوی نے بتایا کہ ایک ہزار خاندانوںکی آباد کاری کیلیے ایسوسی ایشن نے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، برما کے سفیراور اقوام متحدہ کے پاکستان مشن کو خط ارسال کردیے ہیں۔

اس سلسلے میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور دیگر تجارتی ایسوسی ایشنز میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم کیلیے اظہار یکجہتی کے طور پر بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گی جس میں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے حوالے سے اہم اعلان کیا جائیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں