شمالی کوریا کی مزید میزائل تجربات کی دھمکی

حالیہ میزائل تجربہ ملکی دفاع میں کیا گیا، امریکا باز نہ آیاتو مزید اقدامات کرینگے، پیانگ یانگ


News Agencies September 06, 2017
شمالی اور جنوبی کوریا کی جنگی مشقیں تیز، جرمن چانسلر کا نئی پابندیوں پر اتفاق۔ فوٹو : فائل

شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکا شمالی کوریا پر دباؤ بڑھاتا رہا تو اسے میزائل تجربوں کی صورت میں مزید تحفے ملیں گے۔

اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران شمالی کوریا کے مندوب ہین ٹی سونگ نے کہا تھا کہ حالیہ میزائل تجربہ ملکی دفاع میں کیا گیا ہے جو امریکا کے لیے تحفہ ہے، ہین سونگ نے کہا کہ اگر امریکا شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے اورغیر ضروری پابندیاں لگانے سے باز نہ آیا تو مزیداقدامات کریں گے جب کہ جنوبی کوریا حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا 9 ستمبر یا اس سے قبل مزید میزائل تجربہ کرسکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے جریدے ایشیابزنس ڈیلی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا رات کے اندھیرے میں اپنا ایک راکٹ مغربی ساحلی علاقے کی طرف منتقل کر رہا ہے،جنوبی کوریا کی وزارت دفاع ،عسکری ماہرین نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ شمالی کوریا آئندہ دنوں میں مزید تجربہ کرے۔

ادھر سوئیٹزرلینڈ کی صدر نے شمالی کوریا تنازع میں ثالثی کی پیش کش کر دی ہے،سوئس صدر ڈورس لیوتھارڈ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا تنازع میں ثالثی اور تنازع کے حل کے لیے وزارتی اجلاس بلانے کے لیے تیار ہیں، دوسری جانب روسی صدر ولاد ی میر پوتن نے متنبہ کیا ہے کہ شمالی کوریا کو جوہری تجربوں سے نہ روکا گیا تو عالمی سطح پر تباہی کا خدشہ ہے، انھوں نے کہاکہ روس اس طرح کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کریگا ،سیاسی اور اقتصادی طور پر شمالی کوریا کے اتحادی ملک چین نے بھی کہا ہے کہ وہ پیانگ یانگ پر دباؤ ڈالنے کے خلاف مزاحمت کریگا۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات کی ہے، فی الوقت جنوبی کوریا کے میزائلوں کا حتمی وزن 500 کلوگرام ہے،گزشتہ روز جنوبی کوریا نے فوجی مشقیں کیں جن میں شمالی کوریا کے ایٹمی تجربات کے مقام پر حملے کی مشق بھی شامل تھی،دونوں ممالک کے درمیان مشقوں میں تیزی دیکھی گئی جبکہ دوسری طرف شمالی کوریا نے بھی فوجی مشقیں کیں،جن میں اصلی گولہ بارود استعمال کیا گیا ہے۔

جرمنی کی چانسلر انجیلامیرکل نے امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پر عائد نئی پابندیوں پر اتفاق کیاہے ،دریں اثنا چین نے امریکا کے صدر ٹرمپ کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جس میں انھوں نے شمالی کوریا کے ساتھ تجارت کرنیوالے ممالک کیخلاف بھی سخت اقدامات کی دھمکی دی تھی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا اور جاپان کواسلحہ فروخت کرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے، شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری تجربات کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں اضافے کے باعث جنوبی کوریا امریکا سے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدسکتاہے،امریکی دفاعی ماہرین کے مطابق 2010اور 2016 کے درمیان امریکی کمپنیوں نے جنوبی کوریا کو تقریباً 5رب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں