کراچی میں3روزہ انسداد پولیو مہم کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ

مہم آج سے شروع ہوگی، 2ہزار 574 موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئیں


Staff Reporter February 19, 2013
تین روزہ انسداد پولیو مہم18 سے 23 فروری کسی بھی تاریخ کو چلانے کا فیصلہ کیاگیاتھا لیکن پیر کو ہڑتال کی و جہ سے مہم شروع نہیں کی جا سکی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کے حالات کے پیش نظر تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم کراچی میں18 فروری کو شروع کی جائے گی اور مہم کوپوشیدہ رکھاجائے گا، دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ اگر کراچی کے حالات خراب نہ ہوئے تو آج(منگل) 19 فروری سے مہم شروع کی جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ کے ایک اہم ذمے دار افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم18 سے 23 فروری کسی بھی تاریخ کو چلانے کا فیصلہ کیاگیاتھا لیکن پیر کو ہڑتال کی و جہ سے مہم شروع نہیں کی جا سکی۔



معلوم ہوا ہے کہ انسدادپولیو مہم کے دوران کراچی کے 14 ٹائونز کی 123یونین کونسلوں میں13لاکھ 29ہزار 152 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیاتھا، واضح رہے کہ گزشتہ سال کی آخری پولیو مہم کے دوران پولیو رضاکاروں اور لیڈی ہیلتھ ورکروں کے قتل کے بعد سے اب تک کوئی بھی پولیو مہم نہیں چلائی جا سکی ۔

جس کے بعد کراچی کے لاکھوں بچے پولیو وائرس کی زد میں ہیں، یکم فروری کو رواں برس کا پہلا پولیو کیس بھی کراچی سے سامنے آیا تھا، مہم میں 3 ہزار 93 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں ساڑھے 6ہزار سے زائد رضاکارا ور لیڈی ہیلتھ وکرز شامل ہیں، مہم کے لیے 2ہزار 574 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 241 فکسڈ اور 278 ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے جائیں گے، ذرائع کاکہنا ہے کہ ضرورت پرنے پرپولیو مہم دوران کرفیو طرز پر سیکیورٹی پلان بھی غور کیا گیا ہے اور مہم کے دوران رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں