شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلیے اقدامات کیے جائیں

کھارادر میں میںگینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ قابل مذمت ہے، حق پرست ارکان اسمبلی


Express Desk February 19, 2013
کھارادر میں میںگینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ قابل مذمت ہے، حق پرست ارکان اسمبلی

حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کھارادر میں میں لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے بے گناہ ومعصوم شہریوں پر شدید فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا ظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے کھارادر میں شدید فائرنگ کر کے علاقے میں خوف وہراس پھیلا رکھا ہے اور لوگوں کو گھروں میں محصور رہنے پر مجبورکردیا ہے، انھوں نے کہاکہ لیاری گینگ وار کے دہشت گرد،کراچی کے معصوم شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس افسران واہلکاروں کے بہیمانہ قتل، پولیس تھانوں اور موبائلوں پر راکٹوں سے حملوں، کراچی کی معیشت تباہ کرنے ، بھتہ خوری، تاجروں کے اغوا برائے تاوان اور تاوان نہ ملنے پر انھیں قتل کرنے میں ملوث ہیں۔

حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی کھلی سرپرستی لمحہ فکریہ ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ،وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ،گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کھارادر میں لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی فائرنگ کاسختی سے نوٹس لیا جائے، دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے اور معصوم شہریوں کی جان ومال محفوظ بنانے کیلیے ٹھوس ومثبت اقدامات بروئے کارلائے جائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔