حصص مارکیٹ بلند سے بلند تر انڈیکس پہلی بار 17800 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا

ہڑتال بلندیوں کاسفرنہ روک سکی،بہترکارپوریٹ نتائج کے باعث مواصلات و سیمنٹ سیکٹرمیں خریداری،انڈیکس68 پوائنٹس اضافے سے۔۔۔

44 فیصد شیئر پرائسز اور مارکیٹ سرمایہ مزید 8 ارب 31 کروڑ روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم11 فیصد زائد، 331 کمپنیوں کے 29 کروڑ 16 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو : آن لائن

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی اتارچڑھائو کے بعد تیزی کا تسلسل جاری رہا جس سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 17800 کی نفسیاتی حد بھی عبور ہوگئی۔

تیزی کے باعث 44.41 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید8 ارب 30 کروڑ92 لاکھ50 ہزار24 روپے کا اضافہ ہوگیا،لسٹڈ کمپنیوں کی مالیاتی نتائج پر مبنی خریداری سرگرمیوں کی وجہ سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا اور اس مثبت رحجان کی وجہ سے شہرمیں جاری ہڑتال کے باوجود مارکیٹ میں مندی رونما نہ ہوسکی، بلحاظ سرمایہ کاری شعبہ مواصلات، سیمنٹ سمیت بعض دیگر شعبے سرفہرست رہے۔

ٹریڈنگ کے دوران وسیع پیمانے پر ہونے والی سرمایہ کاری کے نتیجے میں ایک موقع پر118 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 17914.43 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر30 لاکھ6 ہزار 923 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا نے تیزی کی شرح میں کمی کی تاہم ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے9 لاکھ3 ہزار203 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے3 لاکھ46 ہزار845 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے 17 لاکھ56 ہزار876 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں تیزی کو برقرار رکھا نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس68.39 پوائنٹس کے اضافے سے17865.61 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 61.51 پوائنٹس کے اضافے سے 14624.29 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 117.89 پوائنٹس کے اضافے سے31006.92 ہوگیا۔




کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت11 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 29 کروڑ16 لاکھ11 ہزار890 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار331 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں147 کے بھائو میں اضافہ، 162 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ۔

ان میں یونی لیور پاکستان کے بھائو 100 روپے بڑھ کر10400 روپے اور پاکستان سروسز کے بھائو 5.41 روپے بڑھ کر187.50 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھائو34 روپے کم ہوکر 1440 روپے اور انڈس ڈائینگ کے بھائو25.97 روپے کم ہوکر 493.53 روپے ہوگئے۔
Load Next Story