چٹاگانگ ٹیسٹ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو ہرا کر سیریز برابر کر دی 

ناتھن لیون 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میچ اور ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔


Sports Desk September 07, 2017
ناتھن لیون 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میچ اور ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی جب کہ ناتھن لیون 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میچ اور ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔

آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 9 وکٹ پر 377 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ناتھن لیون ٹیم کے مجموعے میں بغیر کسی رن کا اضافہ کئے صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے 72 رنز کی برتری بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کے اعصاب پر حاوی ہو گئی اور پہلی اننگز میں 305 رنز بنانے والی میزبان ٹیم 157رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور آسٹریلیا کو فتح کیلیے 86 رنز کا آسان ہدف دیا۔ مشفیق الرحیم 31، مومن الحق 29 اور صابر رحمان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پہلی اننگز میں 7 وکٹیں اڑانے والے ناتھن لیون دوسری اننگز میں بھی بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کیلیے ڈراؤنا خواب بنے رہے اور 33 اوورز میں 60 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ پیٹ کمنز اور سٹیو اوکیف نے 2,2 کھلاڑی آؤٹ کئے۔

آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا، گلین میکسویل 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 25 جبکہ پیٹر ہینڈز کومب 16 رنز پر ناقابل شکست رہے، میٹ رنشا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مستفیض الرحمان، شکیب الحسن اور تیج الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ناتھن لیون پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ ڈیوڈ وارنر اور لیون مشترکہ طور پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں