سونا مزید مہنگا ہوگیا

10گرام قیمت386 روپے بڑھ کر45 ہزار 128 روپے ہوگئی،فی اونس نرخ 4ڈالر بلند

3روز کے اندرسونے کی مقامی قیمتوں میں1071سے 1650روپے تک کااضافہ ہوچکا۔ فوٹو: فائل

سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ گزشتہ روز تیسرے دن بھی جاری رہا۔

عالمی قیمتیں بڑھنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ روز سونے کی تولہ قیمت450 روپے کے مزید اضافے سے 52ہزار 650 روپے تک پہنچ گئی جو عید سے پہلے 51ہزار روپے تھی، اس طرح صرف 3دن میں سونے کی تولہ قیمت میں 1650روپے کا نمایاں اضافہ ہواہے۔


گزشتہ روز سونے کی 10 گرام قیمت بھی 386 روپے بڑھ کر 45 ہزار 128 روپے ہوگئی جو عید سے قبل 44ہزار57 روپے تھی، اس طرح 3 روز میں 10گرام قیمت میں 1071 روپے کا اضافہ ہوا، اس مدت کے دوران بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت1311ڈالر سے بڑھ کر 1343 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ یعنی 3 روز میں سونے کی عالمی قیمت 32ڈالر فی اونس بڑھی، گزشتہ روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 4 ڈالر فی اونس بلند ہوئی۔

واضح رہے کہ اتوار کو شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے اور اس کے بعد امریکا کی فوجی کارروائی کی وارننگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتوں میں اضافے کی حالیہ لہر نے جنم لیا، بحران کے دنوں میں سرمایہ کار اپنے سرمائے کو تحفظ دینے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور یہی رجحان فی الوقت دیکھا جا رہا ہے جس سے سونے کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

دوسری طرف چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ روز چاندی کی تولہ قیمت 10روپے کے اضافے سے 760 اور 10گرام 8.57 روپے بڑھ کر 651.42 روپے ہوگئی، چاندی کی عالمی قیمت 17.95 ڈالر فی اونس رہی۔
Load Next Story