ڈیل پوٹرو نے فیڈرر کا خواب چکنا چور کر دیا

یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں نڈال سے ٹکراؤ، ویمنز فائنل میں رسائی کیلیے چاروں امریکی کھلاڑی برسر پیکار ہوں گی


AFP September 08, 2017
یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں نڈال سے ٹکراؤ، ویمنز فائنل میں رسائی کیلیے چاروں امریکی کھلاڑی برسر پیکار ہوں گی۔ فوٹو: فائل

یو ایس اوپن میں جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے راجر فیڈرر کا خواب چکنا چور کردیا تاہم سیمی فائنل میں ان کا ٹکراؤ رافیل نڈال سے ہوگا۔

ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے پانچ مرتبہ کے یو ایس چیمپئن راجر فیڈرر کو 7-5، 3-6، 7-6 (10/8) اور 6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، اس طرح انھوں نے سوئس پلیئر کا ایک بار پھر اپنے پرانے دوست رافیل نڈال سے فائنل میں مقابلے کا خواب چکنا چور کردیا۔

ڈیل پوٹرو نے اپنا واحد یوایس ٹائٹل 2009 میں جیتا تھا تب انھوں نے فائنل میں فیڈرر کو شکست دی جبکہ سیمی فائنل میں نڈال کو زیر کیا تھا، اس بار بھی ان کا سامنا پھر ورلڈ نمبر ون نڈال سے ہی جمعے کو ہوگا جنھوں نے روس کے نوجوان کھلاڑی آندرے روبلیف کو 97 منٹ میں 6-1، 6-2 اور 6-2 سے مات دی، یہ نڈال کا چھٹا یوایس اوپن اور 26 واں گرینڈ سلم سیمی فائنل ہوگاجبکہ 24 سیڈ ڈیل پوٹرو اپنا چوتھا گرینڈ سلم فائنل فورمیچ کھیلیں گے۔

دوسری جانب 36 سالہ فیڈرر کی رواں برس یہ پہلی گرینڈ سلم شکست ہے، اس برس میں انھوں نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن ٹائٹلز جیت کر اپنے گرینڈ سلم اعزازات کی تعداد 19 تک پہنچائی ہے۔

ادھر ویمنز سنگلز کے سیمی فائنلز میں چاروں امریکی کھلاڑیوں کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہوگا، آخری کوارٹر فائنل میں میڈیسن کیز نے ایسٹونیا کی کوالیفائر کائیا کنیپی کو 6-3 اور 6-3 سے زیر کیا، ان کا مقابلہ فائنل فور میں کوکو وینڈی ویگ سے ہوگا جنھوں نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو مات دی تھی۔

دوسرے سیمی فائنل میں وینس ولیمز اپنی ہی امریکی ہموطن سلونی اسٹیفنز کے مدمقابل ہوں گی ، یہ1981 کے بعد پہلا موقع ہے جب یو ایس اوپن کے سیمی فائنلز میں شریک تمام کھلاڑی امریکا سے تعلق رکھتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔