اذلان شاہ کپ ہاکی کئی سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ

کپتان محمد عمران، شکیل عباسی اور وسیم احمد ٹیم کے ساتھ ملائیشیا نہیں جا سکیں گے۔


Sports Reporter February 19, 2013
کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے والے راشد محمود اور محمد رضوان باہر فوٹو: اے ایف پی/فائل

اہم امور کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تھنک ٹینک کا اجلاس منگل کو لاہور میں طلب کر لیا گیا۔

اس موقع پر سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ سمیت مستقبل کے ایونٹس کی تیاریاں بھی جانچی جائیں گی، ملائیشین ٹور کیلیے ٹیم سے کئی سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تربیتی کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے والے دونوںکھلاڑی راشد محمود اور محمد رضوان سینئر بھی اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گے،کپتان محمد عمران، شکیل عباسی اور وسیم احمد بھی ٹیم کے ساتھ ملائیشیا نہیں جا سکیں گے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ کے مطابق اصل ہدف ورلڈ کپ 2014 ہے، میگا ایونٹ کیلیے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دینے کے سلسلے میں تجربات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی اورایشین چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے میڈلز کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد عوامی توقعات بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں،اس کے پیش نظر پی ایچ ایف نے سال کے پہلے ایونٹ کیلیے سر جوڑ لیے، اس حوالے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منگل کواجلاس طلب کیا گیا ہے، اس میں سیکریٹری پی ایچ ایف اور چیف کوچ اختر رسول کے ساتھ ٹیم مینجمنٹ کے دیگر ارکان شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے کیمپ میں رپورٹ کرنے کے بجائے ہالینڈ میں لیگ کھیلنے والے 2 کھلاڑیوں محمد رضوان سینئر اور راشد محمود کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔



کپتان محمد عمران، شکیل عباسی اور وسیم احمد بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کی ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ میٹنگ منگل کو ہو گی جس کے بعد25 فروری کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ اگر ٹیم مینجمنٹ نے اتفاق کیا تو کپتان محمد عمران، شکیل عباسی اور وسیم احمد سمیت دیگرسینئر کھلاڑیوں کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں ٹیم سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ محمد راشد اور رضوان سینئر نے پی ایچ ایف سے پورے سیزن کے لیے اجازت طلب کی اور ہالینڈ جانے سے پہلے اطلاع بھی دی تھی، البتہ سینٹرل کنٹریکٹ کی ایک شق کے مطابق کھلاڑی کسی قومی یا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ یا کیمپ شروع ہونے سے15 روز قبل انتطامیہ کو دستیابی کے بارے میں رپورٹ کرنے کے پابند ہوتے ہیں۔

اگر ٹیم مینجمنٹ نے اس نکتے کو اٹھایا تو دونوں پلیئرز کے خلاف ڈسپلنری کارروائی ہو گی، سیکریٹری پی ایچ ایف نے واضح کیا کہ راشد اور رضوان کو سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کیلیے ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان کم ہے،انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف ورلڈ کپ 2014 ہے، میگا ایونٹ کے لیے بہترین کھلاڑیوں پر اسکواڈ کی تیاری کے سلسلے میں تجربات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں