سندھ نے پی ایف ایف انڈر 13 فٹبال فیسٹیول جیت لیا

بلوچستان کو 3-1 سے شکست، خیبر پختونخواکی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بلوچستان کو 3-1 سے شکست، خیبر پختونخواکی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: فائل

سندھ نے پی ایف ایف قومی انڈر13فٹبال فیسٹیول2013 جیت لیا، خیبر پختونخوا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق فیفا قواعد کے تحت منعقدہ ٹورنامنٹ کے آخری فائنل رائونڈ میچ میں سندھ نے بلوچستان کو3-1سے شکست دی،اوکاڑہ فٹبال اکیڈمی گرائونڈ پر شاہد نے 2جبکہ ایم ریاض نے ایک گول کیا، حریف ٹیم کا واحد گول قدرت اللہ نے بنایا، فاتح ٹیم اپنے تینوں میچوں میںکامیابی کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی، ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی تھے۔




دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا نے پنجاب کو2 گول سے ہرا کر مجموعی طور پر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پائی، پنجاب نے ٹورنامنٹ میں گول نہ کرنے کا ریکارڈ برقرار رکھا اور کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرنے پر آخری چوتھی پوزیشن پر رہی، سندھ کے ہاتھوں شکست کے بعد بلوچستان کو 3پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا، فیسٹیول کی فاتح ٹیم سندھ کے کپتان ثاقب جاوید نے ٹرافی اور 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا، خیبر پختونخواکے قائد حمزہ نے رنر اپ ٹرافی اور20 ہزار روپے وصول کیے،اسی ٹیم کے مدثر بہترین گول کیپر قرار پائے، بلوچستان کے شکیل بہترین کھلاڑی رہے، سندھ کے شاہد علی اور خیبر پختونخواکے سلیمان نے مشترکہ طور پر ٹاپ اسکورر کا انعام حاصل کیا،خیبر پختونخوا نے فیئر پلے ٹرافی بھی حاصل کی۔
Load Next Story