ورلڈ الیون کے پلیئرز نے دبئی میں ڈیرے ڈال لئے

ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی

ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی . فوٹو : فائل

پاکستان کے ساتھ آزادی کپ کھیلنے سے قبل ورلڈ الیون کی دبئی آمد شروع ہو چکی ہے۔ آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ اور سری لنکن آل راﺅنڈر تھیسارا پریرا دبئی پہنچ چکے ہیں۔

آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے دبئی پہنچنے پر مختصر پیغام میں کہا " سلام پاکستان، دبئی میں دو روزہ ٹریننگ سیشن کے بعد جلد پاکستان آرہا ہوں۔ پاکستانی شائقین تیار ہوجائیں، ان سے پاکستان کے میدان میں ملاقات ہوگی۔"

سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے بھی دبئی میں کیمپ جوائن کر لیا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا "ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے پر خوش اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لئے پرجوش ہوں۔"


ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی، پاکستان آمد سے قبل ٹیم دو روز تک دبئی میں قیام کرے گی، 9 ستمبر کو ٹریننگ سیشن نہیں ہو گا تاہم اینڈی فلاور اور ڈیرن سیمی دورہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کریں گے، 10 ستمبر کو ورلڈ الیون کا اسکواڈ دبئی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون ٹیم 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، دیگر پلیئرز میں ہاشم آملہ، سیموئل بدری، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلوئٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، ٹم پین، تھشارا پریرا، ڈیرن سیمی اور عمران طاہر شامل ہیں۔ اینڈی فلاور کوچ جب کہ ول کوئن منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔

Load Next Story