قائم علی شاہ سے کنٹری ڈائریکٹرورلڈبینکایرانی قونصلر کی ملاقات

برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گالوے کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیاگیا،تحائف کا تبادلہ

عالمی بینک صوبے میںتعلیم کیلیے 400ملین ڈالردیگا، کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک فوٹو: فائل

MUMBAI:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور کراچی میں متعین ایران کے قونصل جنرل نے پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی، نیز وزیراعلیٰ سندھ نے برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گالوے کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے پاکستان میں متعین کنٹری ڈائریکٹر رشید بن مسعود نے 2 رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے حکومت سندھ کی طرف سے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور بینک کی طرف سے صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، آبپاشی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت منصوبوں کی وقت پر تکمیل اور وقت کے مطابق عملدرآمد پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر رشیدبن مسعود نے اساتذہ کی تقرری کے مراحل میں میرٹ مقدم رکھنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک نے صوبہ سندھ میں تعلیم کے فروغ اور ترویج کے لیے 400 ملین ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔




انھوں نے زراعت کے شعبے میں47 فیصد پیداواری اضافے کو خوش آئند قراردیا اور کہا کہ عالمی بینک آبپاشی اور زراعت کی ترقی کے ضمن میں بھی مدد کرے گا۔ کراچی میں متعین ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایران کے قونصل جنرل کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور صوبے کے انتظامی امور، ترقیاتی سرگرمیوں اور فلاحی پروگراموں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران اور پاکستان بالخصوص سندھ کے مابین دیرینہ اسلامی اور برادرانہ تعلقات صدیوں سے قائم ہیں۔ ایران کے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران دونوں ممالک بالخصوص صوبہ سندھ کے عوام کے ساتھ تعلقات کومزید تقویت دیں گے۔

انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو تحائف بھی دیے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گالوے کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی کے اسپیکر نثار احمد کھوڑو، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا، وزیر تعلیم پیر مظہرالحق، آغا سراج درانی و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انھیں صوبائی حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں امن و محبت کی فضا قائم رکھنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے جارج گالوے کو سندھی ٹوپی، اجرک، کھیس اور سی ایم ہاؤس کی شیلڈ پیش کی۔

 
Load Next Story