ورلڈ الیون کے 3 کھلاڑی پہلے بھی پاکستان آچکے

آملا اورکولنگ ووڈ نے ایک،تمیم اقبال نے2 بار دورہ کرکے صلاحیتوں کا اظہار کیا


Sports Desk September 09, 2017
پال کولنگ وڈ 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم میں شامل تھے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ورلڈ الیون کے 14 میں سے صرف 3 کھلاڑی اس سے قبل بھی پاکستانی سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

آزادی کپ سیریز کیلیے آنے والی ورلڈ الیون ٹیم میں سے انگلینڈ کے پال کولنگ وڈ، جنوبی افریقی ہاشم آملا اور بنگلادیشی تمیم اقبال پہلے بھی پاکستان آ چکے ہیں، بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پال کولنگ وڈ 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم میں شامل تھے۔ اس دورے میں انھوں نے 2 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز کھیلے تھے۔


کولنگ وڈ نے لاہور ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 96 اور80 رنز اسکور کیے تھے لیکن پانچوں ون ڈے میچوں میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، وہ صرف 115رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے تھے، ہاشم آملا سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچوں میں کھیلے اور انھوں نے کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 71 رنز بنائے تھے، بنگلادیش کے تمیم اقبال 2008 میں 2 مرتبہ پاکستان آئے تھے، پہلی مرتبہ وہ بنگلادیشی ٹیم کے ساتھ 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کیلیے آئے جس میں انھوں نے 2 نصف سنچریاں بنائی تھیں، پاکستان کی سرزمین پر کھیلے گئے اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وہ 23 رنز ہی بنا پائے تھے۔

تمیم اقبال نے اسی سال پاکستان میں منعقدہ ایشیا کپ کے 5 میچز کھیلے لیکن وہ صرف ایک نصف سنچری بنا پائے تھے جو انھوں نے بھارت کے خلاف کراچی میں اسکور کی تھی، ان تینوں کھلاڑیوں کے سوا ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی بھی پاکستان میں کھیل چکے لیکن وہ انٹرنیشنل میچ نہیں بلکہ رواں سال کھیلا گیا پاکستان سپر لیگ کا فائنل تھا، جس میں انھوں نے پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف صرف 11 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 28 رنز بنائے تھے، یہ فائنل پشاور زلمی نے 58 رنز سے جیتا تھا۔

لاہور میں پیدا ہونے والے جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر بھی ورلڈ الیون میں شامل ہیں، انھوں نے اپنی ابتدائی فرسٹ کلاس کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی ہے۔وہ انڈر 19 اور پاکستان اے کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں لیکن سینئر ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے سبب کاؤنٹی کرکٹ کا رخ کیا اور پھر وہاں سے جنوبی افریقہ منتقل ہوگئے، عمران طاہر 2011 سے جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔

ورلڈ الیون میں شامل 2 کھلاڑی انگلینڈ کے پال کولنگ وڈ اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے، آسٹریلیا کے بین کٹنگ 3 سال سے ٹیم سے باہر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی اور آسٹریلیا کے جارج بیلی گزشتہ سال آخری بار انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے تھے، اس طرح ورلڈ الیون میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اس وقت بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں،ان میں فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملا، مورن مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، تمیم اقبال، تھشارا پریرا، سیموئل بدری اور ٹم پین شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں