پیاز ایک ہفتے میں 34 فیصد مہنگی

پٹرول،ایل پی جی، کیلے، انڈے،صابن، مٹن، دال چنا، چینی سمیت14آئٹمزکے دام بڑھ گئے

11اشیابشمول ٹماٹر ،مرغی،پتی کے دام کم، ہفتہ وارافراط زرکی شرح میں0.58 فیصد کا اضافہ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

FAISALABAD:
ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) پر مبنی افراط زر کی شرح میں 0.58 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 7 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 28اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق پیاز کی قیمتوں میں 1ہفتے کے دوران 21روپے (33.60فیصد) فی کلو کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ملک میں پیاز کی اوسط قیمت 63.58 روپے سے بڑھ کر 84.94 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔


پیاز کی سب سے زیادہ قیمت کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، بنوں 120، ملتان 110 اور سیالکوٹ، لاہورو حیدرآباد میں 100 روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے بیشترشہروں میں قیمتیں 90 روپے فی کلوگرام تک رہیں تاہم صوبہ بلوچستان کے شہروں میں پیاز کے نرخ قدرے کم رہے اس کی بڑی وجہ پیاز کی مقامی سطح پر دستیابی ہے، فی الوقت پورے ملک میں بلوچستان کی فصل ہی مل رہی ہے جبکہ سندھ کی فصل آنے میں ابھی وقت ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے پٹرول، پکی ہوئی دال، ایل پی جی سلنڈر، کیلے، انڈے، گندم کا آٹا، صابن، اری چاول، مٹن، دال چنا، چینی اور گند م کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، پٹرول کی قیمتوں میں 2 روپے، ایل پی جی کی قیمت میں 24 روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1روپے اور بکرے کے گوشت کی قیمت میں 2روپے کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ان میں ٹماٹر ، زندہ مرغی، چائے کی پتی، آلو، خوردنی تیل ، لہسن، دال مونگ، گڑ، سرخ مرچ، خشک دودھ اور دال ماش شامل ہیں، ٹماٹر کی قیمت میں 20روپے فی کلو ، زندہ مرغی کی قیمت میں 2 روپے اور چائے کی پتی کی قیمت میں 2 روپے کی کمی ہوئی، جن 28اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں ان میں باستمی ٹوٹا چاول، ہڈی والا گوشت، تازہ دودھ، دہی، سرسوں کا تیل، گھی، دال مسور، نمک، تیار چائے، سگریٹ، لیڈیز سینڈل، بجلی کے اخراجات، گیس چارجز ، مٹی کا تیل، بجلی کا بلب، کپڑے دھونے کا صابن، ماچس اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
Load Next Story