میانمار کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف شدید احتجاج

روہنگیا مسلمانوں کیخلاف تشدد کے اقدامات روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ


ویب ڈیسک September 09, 2017
میانمار میں مسلمانوں کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، سیکرٹری خارجہ۔۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کے سفیر یوون منٹ کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ ریاست راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کیخلاف تشدد کے اقدامات روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: رائس ایکسپورٹرز کا روہنگیا کو پاکستان بسانے کا اعلان

تہمینہ جنجوعہ نے برمی سفیر سے مطالبہ کیا کہ میانمار میں مسلمانوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور مسئلے کے حل کے لیے کوفی عنان کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ میانمار حکومت اقلیت کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لائے اور مسلمانوں پر منظم تشدد کی تحقیقات کرائے۔ میانمار کے سفیر نے اپنی حکومت کو پاکستان کے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کے لئے فوری اقدامات کرے

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق میانمار میں ریاستی تشدد کے نتیجے میں سیکڑوں مسلمان شہید اور لاکھوں ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں