آئی جی کے دعوے دھرے رہ گئےمختلف علاقوں سے 4لاشیں ملیں

کیماڑی میں ملزمان زیرتعمیرعمارت پردستی بم پھینک کرفرار،دھماکے سے علاقے میں خوف


Staff Reporter August 04, 2012
کیماڑی میں ملزمان زیرتعمیرعمارت پردستی بم پھینک کرفرار،دھماکے سے علاقے میں خوف . فائل فوٹو

آئی جی سندھ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،شہریوں کوقتل کرکے لاشیں پھینکنے کاسلسلہ جاری ہے،کراچی کے مختلف علاقوں سے4 افرادکی لاشیں ملیں،فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 زخمی ہوگئے جبکہ کیماڑی میں زیرتعمیر عمارت پردستی بم سے حملہ کیاگیا۔

لیاری احمد شاہ بخاری روڈ پرانا ٹرک اڈے کے قریب گندی گلی میں2 افراد کی لاشوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر سول اسپتال پہنچایا، پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت18سالہ علی حیدر اور22 سالہ فرحان کے نام سے کرلی گئیں ، مقتول فرحان رنچھوڑ لائن وزیرمینشن بلڈنگ جبکہ علی حیدر اسی علاقے میں واقعے النور بلڈنگ کا رہائشی تھا، ایس ایس پی ساؤتھ آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ مقتولین کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فرحان کے سر اور سینے میں3 جبکہ علی حیدر کے سر اور سینے میں 2 گولیاں ماریں تھیں،پاک کالونی تھانے کی حدود دھوبی گھاٹ نیازی کالونی لیاری ندی سے بوری بند لاش ملی۔

پولیس کے مطابق 25 سے30سالہ شخص کونامعلوم ملزمان نے اغواکرکے بہیمانہ تشددکانشانہ بنانے کے بعدہلاک کیا اور ہاتھ پاؤں کاٹ کرجسم سے علیحدہ کردیا اور جسم اور کٹے ہوئے اعضاء بوری میں بند کر کے لاش ندی میں پھینک دی،سچل کے علاقے سپر ہائی و ے ملک آغا ہوٹل کے قریب بجری کے ڈھیر سے55سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے سر اور سینے میں2گولیاں مار کر ہلاک کیا ہے، لیاری آگرہ تاج کالونی تاج مسجد روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے35سالہ محمد عمران زخمی ہوگیا۔

کیماڑی جیکسن بازار میں زیر تعمیر عمارت پر موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، ایس ایچ او جیکسن ممتاز شاہ نے بتایا کہ مذکورہ پلاٹ محمود الحسن کی ملکیت ہے جس پر عمارت کی تعمیر جاری ہے جبکہ دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ، انھوں نے بتایا کہ دھماکا کسی پٹاخے کا تھا،انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعہ بھتہ نہ دینے کا نتیجہ ہے۔نیو کراچی کے علاقے سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ رضیہ،نارتھ ناظم آباد امام کلینک کے قریب فائرنگ سے 50 سالہ نعیم زخمی ہوگیا،مین راشد منہاس روڈ میلینئم شاپنگ مال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ٹانگ پر لگنے سے موٹر سائیکل سوار 28 سالہ مہتاب احمد زخمی ہوگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں