بھارت میں بڑھتی عدم برداشت پر اے آررحمان بول پڑے

جہاں صحافی قتل ہوں وہ میرا بھارت نہیں، اے آر رحمان


ویب ڈیسک September 09, 2017
اے آر رحمان کو اب تک دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے ؛فوٹوفائل

PESHAWAR: نامور بھارتی موسیقار اے آر رحمان صحافی گوری لنکیش کے قتل پر پھٹ پڑے انہوں نے گوری کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہون وہ میرا ملک نہیں ہوسکتا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک تقریب میں اے آر رحمان نے چند روز قبل ہندو انتہا پسندی کے خلاف آواز بلند کرنے والی صحافی گوری لنکیش کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بارے میں بہت دکھی ہوں، بھارت میں ایسا نہیں ہونا چاہئے اگریہ واقعات بھارت میں ہوتے ہیں تو یہ میرا بھارت نہیں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت میں ہندو انتہا پسندی کے خلاف برسرپیکار خاتون صحافی قتل

اے آر رحمان نے کہا کہ اسلام کا مطلب سادہ زندگی جینا اور انسانیت کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے، وہ اسلام کے اس فلسفے پر عمل کرتے ہیں جو پیار پر مبنی ہے، وہ آج جو کچھ بھی ہیں اسی فلسفے کی وجہ سے ہیں اور ان کا خاندان بھی اسے فلسفے کی پیروی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں نامعلوم افراد نے 55 سالہ صحافی گوری لنکیش کو گولی مار کر قتل کردیا۔ گوری لنکیش بائیں بازو کے نظریات کی حامل معروف صحافی اور ہفت روزہ اخبار لنکیش پتریکے کی ایڈیٹر تھیں۔ وہ بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی کے خلاف بھی سرگرم عمل تھیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقارا ے آر رحمان کو اب تک دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے جب کہ وہ دنیا کے معروف ترین فنکاروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں