پاناما کیس نظرثانی نواز شریف کے بچوں نے ایک اور درخواست دائر کردی

فیصلے کے خلاف تمام اپیلوں کی سماعت سپریم کورٹ کا ایک ہی بینچ کرے، درخواست میں موقف

پاناما فیصلے کیخلاف دائر تمام اپیلوں کو ایک ہی بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، درخواست۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف کے بچوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں پاناما کیس نظرثانی اپیل سے متعلق متفرق درخواست دائر کردی گئی۔

نوازشریف کے بچوں نے پانامہ کیس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت سے متعلق سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما فیصلے کیخلاف تمام اپیلیں ایک ہی بینچ کے سامنے لگائی جائیں اور پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی جائیں۔


درخواست گزاروں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ اور پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، تاہم 12 ستمبر کو صرف تین رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی جائیں، جب کہ دائر تمام اپیلوں کو ایک ہی بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں پانامہ فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستوں کی سماعت 12 ستمبر کو تین رکنی بینچ کے سامنے مقرر ہے۔
Load Next Story