وزیراعظم کا کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم آئی جی بلوچستان تبدیل

فیاض سنبل ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ اور محمد مبین کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن تعینات کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک February 19, 2013
کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا مقصد معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کی سرکوبی کرنا ہے،ترجمان وزیراعظم ہاؤس فوٹو :اے ایف پی

لاہور: وزیراعظم راجا پرویز اشرف نےکوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے آئی جی بلوچستان طارق عمر خطاب کو تبدیل کردیا۔

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کوئٹہ میں امن و امان کے قیام کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے آئی جی بلوچستان طارق عمر خطاب کو تبدیل کرکے مشتاق سکھیرا کو نیا آئی جی بلوچستان تعینات کردیا، مشتاق سکھیرا اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی پنجاب کے عہدے پرتعینات تھے جب کہ فیاض سنبل کو ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ اور محمد مبین کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن تعینات کردیا گیا ہے، اس موقع پر ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کا مقصد معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کی سرکوبی کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم راجا پرویزاشرف نے کیرانی روڈ پر دھماکے میں ہزارہ برادری کے بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے 6 رکنی پارلیمانی وفد تشکیل دیا تھا جو آج کوئٹہ پہنچ گیا ہے، وفد دھماکے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے کر وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا، کوئٹہ جانیوالے وفد میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، میر ہزار خان بجارانی، صغریٰ امام، ندیم افضل چن اوریاسمین رحمان شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |