این اے 120 میں ڈاکوؤں کو شکست عدلیہ کی جیت ہوگی عمران خان

انتخابی حلقے میں پولیس اور انتظامیہ کو ساتھ ملا کر غنڈہ گردی کی جارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر جیو کا مائیک نیچے کرادیا۔ فوٹو : فائل

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 120 میں غنڈہ گردی ہو رہی ہے، پولیس اور انتظامیہ کو ساتھ ملایا ہوا ہے لیکن اگلے اتوار کو پبلک باہر نکلے گی اور ان ڈاکووں کو شکست دیگی یہ عدلیہ کی جیت ہوگی۔

عمران خان گزشتہ روز لندن پہنچ گئے، ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ کرپٹ خاندان سے عوام کی جان چھوٹ گئی ہے اور اب ان کا گھر اڈیالہ جیل ہے، این اے 120 میں جس کی مہم مریم نواز چلا رہی ہیں وہاں ان ڈاکوؤں کو شکست ہوگی، انتخابی حلقے میں غنڈہ گردی ہو رہی ہے، پولیس اور انتظامیہ کو ساتھ ملایا ہوا ہے لیکن اگلے اتوار کو پبلک باہر نکلے گی اور ان ڈاکووں کو شکست دیگی یہ عدلیہ کی جیت ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے میرے بیان کو توڑ مڑور کر پیش کیا گیا، صوبائی حکومت نے پانچ، پانچ باریاں لینے والوں سے بہت بہتر کام کیا ہے ہم نے ایک دفع میں ان سے پانچ سو گنا زیادہ کام کیا اور اداروں کو مظبوط کیا۔


ایک میڈیا چینل کا نام لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس چینل کے مالک کا مقصد پیسا بنانا ہے اور اسے جو پیسے دے وہ اس کے ساتھ ہوتا ہے، قبل ازیں عمران خان اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچے تو پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، عمران خان جب میڈیا سے بات کرنے لگے تو انھوں نے کہا کہ جیو کا مائیک نیچے کردیں کیونکہ یہ جھوٹ بولتا ہے، میر شکیل الرحمن پیسے لیکر کسی مجرم کو بھی بچاتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کیلیے اڈیالہ جیل میں بہترین انتظامات کیے جائیں تاکہ ان کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو، عمران خان ہفتہ کو اسلام آباد سے لندن کیلیے روانہ ہوئے تو ان کے دونوں بیٹے اور پارٹی رہنما عثمان ڈار بھی انکے ہمراہ تھے، پارٹی چیئرمین ایک ہفتہ لندن میں قیام کریں گے جہاں وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ پارٹی رہنماوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق عمران خان نے قرطبہ چوک میں منعقدہ انتخابی جلسے میں لوگوں کی کم تعداد میں شرکت اور ناقص انتظامات پر رہنماؤں سے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی سے اپنی سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے کے انتظامات آخری وقت تک مکمل نہیں تھے جبکہ شرکا کی تعداد بھی کم رہی، دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ این اے 120سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے تمام انتظامات کی ذمے داری اٹھائی تھی۔
Load Next Story