اسلام آباد کے عوامی مرکزمیں لگی آگ پرقابو پالیا گیا 2 افراد جاں بحق

عمارت میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث ایئرکنڈیشن پلانٹ میں لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا


ویب ڈیسک September 10, 2017
عمارت کے شیشے توڑ کراندر آئے اور آگ پر قابو پایا، ریسکیو اہلکار: فوٹو:آن لائن

BIRMINGHAM: عوامی مرکزمیں لگی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔



ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد میں شاہراہ دستورپرواقع عوامی مرکزمیں صبح 7 بج کر30 منٹ پر شارٹ سرکٹ کے باعث ایئرکنڈیشن پلانٹ میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کولپیٹ میں لے لیا۔ فائربریگیڈ کا عملہ فوری طورپرجائے وقوعہ پہنچا جہاں ڈھائی گھنٹے کے مسلسل ریسکیوآپریشن کے بعدعمارت میں لگی آگ پرقابوپا لیا گیا تھا تاہم تیز ہوا کے باعث عمارت کو ایک بار پھر آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔



دوسری جانب عوامی مرکز کی عمارت میں رات کی ڈیوٹی پرموجود 2 ملازمین علی رضا اورعمر نے آگ لگنے کے باعث عمارت سے چھلانگ لگا دی، دونوں افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جب کہ عمر اعجاز اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق امدادی کارکنوں نے عوامی مرکز سے 12 افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔



عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث پانچویں منزل پر پھنسے علی رضا نے نیچے کھڑے پولیس اہلکاروں کے ہاتھ میں چٹائی کو زندگی کی آخری امید سمجھ کر چھلانگ لگا دی لیکن پولیس اہلکار چٹائی کو سنبھال نہ سکے اور علی سیدھا زمین پر جا لگا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی جب کہ وقاض نامی لڑکے نے اسپتال میں دم توڑا۔ جاں بحق ہونے والے 25 سالہ علی رضا کی چار روز قبل ہی منگنی ہوئی تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق بلڈنگ کے پیچھے پڑے گیس سلنڈروں کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر کے عمارت کو بڑے مالی و جانی نقصان سے بچایا گیا۔



وفاقی دارالحکومت کے عوامی مرکز میں لگنے والی آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ چکی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آگ صبح 8 بجے گراؤنڈ فلور پر لگی جو ڈکٹ پائپوں کے ذریعے اوپر تک پہنچی، اعلی حکام اس وقت تک نہ گئے جب تک آگ نہ بجھی لیکن دوپہر ایک بجے آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس پر پولیس، شہری دفاع اور دفاعی اداروں سے رابطہ کیا گیا جس پر سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار اور ایڈیشنل سیکرٹری فوراً موقعے پر پہنچے۔





رپورٹ کے مطابق سی پیک کا تحقیقاتی سینٹر مکمل طور پر محفوظ ہے، سی پیک کی تمام دستاویزات وزارتوں اور محکموں کے پاس محفوظ ہیں، جس عمارت میں آگ لگی اس میں سی پیک کا کوئی ڈیٹا نہیں رکھا جاتا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکام کی مدد سے آتشزدگی کے باعث ہونے والے نقصان اور اس کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب وزارت صنعت و پیداوار نے معاملے کی مکمل انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |