سلون اسٹیفنز یو ایس اوپن ٹینس کی نئی چیمپئن بن گئیں

3.7 ملین ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی ملی، آل امریکن فائنل میں میڈیسن کیز کو شکست

3.7 ملین ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی ملی، آل امریکن فائنل میں میڈیسن کیز کو شکست۔ فوٹو: نیٹ

سلون اسٹیفنز نے کیریئر کی پہلی گرینڈ سلم ٹرافی جیت لی۔

آل امریکن فائنل میں سیاہ فام کھلاڑی نے میڈیسن کیز کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-0 سے شکست دے دی، وہ جولائی میں کھیل میں واپسی سے قبل 11 ماہ تک بائیں پاؤں کی انجری کے سبب کھیل سے دوری اختیار کرنے پر مجبور رہی تھیں، ٹرافی کے ہمراہ سلون کو 3.7 ملین امریکی ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی ملی ، جو ان کے کیریئر کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی شمار ہوئی، 2002 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب فائنل کھیلنے والی دونوں پلیئرز کا تعلق میزبان امریکا سے تھا۔

سلون بطور ان سیڈڈ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والی پانچویں پلیئر بھی بنیں، انھوں نے ومبلڈن میں واپسی کے بعد سے اب تک گذشتہ 17 میں سے 15 میچز میں فتوحات کو لگے لگایا ہے، اس سے قبل لٹویا کی جیلینا اوسٹاپینکو نے فرنچ اوپن کی چیمپئن بنکر یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ اس سے پہلے کم کلسٹر نے 2009 میں ان سیڈڈ پلیئر رہتے ہوئے یوایس اوپن ویمنز سنگلز کی ٹرافی قبضے میں کی تھی۔


ٹائٹل کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلون اسٹیفنز نے کہا کہ یہ فتح میرے لیے ناقابل یقین ہے، رواں برس 23 جنوری کو میرے متاثرہ پاؤں کی سرجری ہوئی تھی، اس وقت اگر کوئی مجھے یہ کہتا کہ میں سیزن کا اختتامی گرینڈ سلم جیت لوں گی تو میں یقینی طور پر کہتی کہ یہ کسی طور ممکن نہیں ہوگا، بلاشبہ اس وقت ایسا ممکن دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

سلون اسٹیفنز نے مزید کہا کہ کھیل میں واپسی کے بعد کا سفر حیران کن ہے، دوسری جانب مکسڈ ڈبلز ٹرافی ٹاپ سیڈ جوڑی مارٹینا ہنگز اور برطانیہ کے جیمی مرے کے نام ہوگئی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں چائنیز تائپے کی چان ہاؤ چنگ اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل وینس کو شکست دی، ان کی فتح کا اسکور 6-1، 4-6 اور10-8 رہا۔

 
Load Next Story