قائداعظم ہونا آسان نہیں

آج قائد سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں مگر صرف اس صورت میں کہ اُن کی تصویر کسی مخصوص کاغذ پر ہو۔

ہم نے قائد کے پاکستان کو ایٹمی قوت تو بنادیا مگر ہم پھر بھی اسے قائد کا پاکستان بنانے سے قاصر ہیں۔ فوٹو: فائل

ایک حقیقی مثال کے طور پر یہ الفاظ زبان زدِ عام ہوچکے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ جیسی شخصیت پوری دنیا میں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے۔ اِس بات میں کوئی شک نہیں؛ مگر ان جیسا کردار اپنانا یقیناً ناممکن بھی نہیں تھا۔

وہ قائد جو اپنے معاونین کو اِس بات پر ڈانٹتے رہے کہ وہ حاضرین مجلس کو سرکاری اخراجات پر چائے پانی کیوں پلاتے ہیں؟ وہ اپنے معالج کو اعتماد میں لیتے رہے کہ اِن کی بیماری کو راز ہی رکھا جائے۔ اور ایک طالبعلم ہونے کے ناطے راقم الحروف کا یقین محکم ہے کہ اگر ہندو بنیے کو پتا چل جاتا کہ قائداعظم ؒ کس مہلک بیماری کا شکار ہیں تو وہ یقیناً تقسیم کو کچھ عرصہ مؤخر کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرتا اور کوئی شک نہیں کہ اسے کامیابی بھی ملتی اور قائد کی سانسوں کی ڈور ٹوٹنے کے بعد یقیناً آج پاکستان کا نام دنیا کے سامنے نہ ہوتا۔

آج قائداعظم محمدعلی جناحؒ کا یومِ پیدائش ہے؛ اور آج اُن کی سالگرہ کے دن ہی ایک صاحب سے کسی معاملے پر تھوڑی بحث ہوئی تو انہوں نے ارشاد فرمایا کہ بابا! قائداعظمؒ کا دیدار کرواؤ تو معاملہ آسانی سے حل ہوسکتا ہے۔ یقیناً اِس دیدار کروانے کا مطلب آپ بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ ہم نے قائد کے پاکستان کو ایٹمی قوت تو بنادیا مگر ہم پھر بھی اسے قائد کا پاکستان بنانے سے قاصر ہیں۔ قائد تمام اقلیتوں کے لیے اُن کی مذہبی آزادی کا خواب دیکھتے گزر گئے مگر ہم آج تک اُن کے اِس خواب کو شرمندہ تعبیر نہ کرسکے اور آج بھی اقلیتیں پاکستان میں غیر محفوظ تصور کی جاتی ہیں۔

قائد نے خواب دیکھا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں ایک باوقار مملکت کے طور پر پہچانا جائے مگر آج اُن کا یہ خواب مستقبل قریب میں پورا ہوتا نظر نہیں آ رہا اور آج بھی ہم بہت سے معاملات میں دنیا کے محتاج ہیں جو ہمیں غلاموں کی طرح کے برتاؤ کے قابل سمجھتے ہیں۔ قائد نے کہا تھا کہ سرکاری پیسہ وزراء پر خرچ کرنے کے لیے نہیں مگر آج کوئی بھی شخص وزیر بھی اسی لیے بنتا ہے تاکہ سرکاری مراعات حاصل کرسکے۔ آج صرف وزراء ہی پر بس نہیں بلکہ پورے خاندان کو سرکاری مراعات حاصل ہوتی ہیں۔


قائد نے خواب دیکھا تھا کہ یہاں ہر شخص ایمانداری سے اپنا کام کرے گا؛ آج حال یہ ہے کہ گمشدہ جائیدادیں ایسے سامنے آرہی ہیں جیسے زمین سے کھمبیاں نمودار ہوتی ہیں۔ قائد نے اپنی بہن اور مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ تو کیا اپنے خاندان کے کسی فرد کو بھی نئے پاکستان میں کسی عہدے سے نہیں نوازا لیکن آج کے پاکستان میں پورا پورا خاندان مختلف عہدوں پر تشریف فرما ہے۔ ایک دور تھا جب قائد اپنی بیماری ملک کے لیے چھپا جاتے تھے اور آج کے پاکستان میں رہنماؤں کے ہلکے سے دردِ سر کا علاج بھی برطانیہ سے ہی ممکن ہوتا ہے۔

مجھے تاریخ میں یہ پڑھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی کہ مادر ملتؒ کو انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، کیوں کہ وہ اُس بھائی کی بہن تھیں جو اتنا خوددار تھا کہ گرا ہوا چشمہ تک اٹھانے کے لیے دشمن کے سامنے نہ جُھکا؛ تو اُس کی بہن اِس نظام کے سامنے کیسے جھک سکتی تھی۔ اُس کا نہ جھکنا ہی شکست کی ابتداء بنا۔

چلیے چھوڑیئے! پچیس دسمبر مناتے ہیں۔ آئیے یہ بھول کر پچیس دسمبر مناتے ہیں کہ ہم قائد کی تصویر پشت پر لگا کر ہر ناجائز کام اِس لیے کرتے ہیں کہ چہرے کی طرف تصویر نصب کرنے سے شاید ہمیں کچھ شرم آجاتی ہو۔ ہم پچیس دسمبر کو قائد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ایک بار پھر اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اِس پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے؛ یہ بھول کر کہ یہ عہد تو ہم پچھلے ستر سال سے کر رہے ہیں۔ آئیے! ہم آج کے دن کو منانے کے لیے سرکاری پیسے کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں کہ یہ دن اُس سے منسوب ہے جو اپنے لیے سرکاری خزانے کو شجرِ ممنوعہ سمجھتا رہا۔ آئیے کہ ہم آج کے دن قائد سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں مگر صرف اس صورت میں کہ ان کی تصویر کسی مخصوص کاغذ پر ہو۔

قائد نے کہا کیا؟ قائد کا عمل کیا تھا؟ قائد کے افکار کیا تھے؟ قائد کا خواب کیا تھا؟ قائد کی خواہش کیا تھی؟ یہ سب بھول جائیے۔ بس آئیے قائد کا دن مناتے ہیں کہ ہمیں تو اپنے قائد سے بہت پیار ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لئے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
Load Next Story