اولڈ سٹی ایریا آلودہ پانی کی فراہمی سے شہری پریشان

پاکستان چوک پر بھولو پہلوان کے اکھاڑے کے نزدیک کچرا کنڈی اس قدر بھرگئی ہے کہ کچرا لوگوں کے گھروں کے آگے جمع ہوگیا ہے

کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرگئیں،غلاظت سڑکوں پر پھیل گئی ،تعفن اٹھنے لگا ،گٹرلائنیںچوک ہوگئیں،گندا پانی سڑکوں پر آگیا،شہریوں کا صفائی کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

اولڈ سٹی ایریا میں مضرصحت اور آلودہ پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہری بیمار پڑنے لگے ، مکینوں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

بعض علاقوں میں شہری ٹینکرزسے پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں، علاوہ ازیں شہر کی کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرگئی ہیں اور کچرا سڑکوں پڑے رہنے سے تعفن پھیل رہا ہے اور مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے،مکینوں نے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرا کنڈیوں کو فی الفور صاف کیا جائے اور کچرا کنڈیوں سے باقاعدگی سے کچرا اٹھایا جائے،مختلف علاقوں میں گٹر لائنیں چوک ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں پر آگیاجس سے شدید تعفن پھیل رہا ہے ،تفصیلات کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں آئی آئی چند ریگر روڈ ، سی ٹی او کمپائونڈ ، محمد بن قاسم روڈ ، پاکستان چوک ، حقانی چوک ، برنس روڈ و دیگر علاقوں میں مضرصحت اور آلودہ پانی کی فراہمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مذکورہ علاقوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے مضرصحت اور آلودہ پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہری پینے کا صاف پانی دور دراز علاقوں سے لیکر آرہے ہیں، بڑی تعداد میں شہری پانی کے ٹینکرز بھی خرید رہے ہیں، مسلسل آلودہ اور مضرصحت پانی کی فراہمی کی وجہ سے شہری خصوصاً بچے، خواتین اور ضعیف افراد مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں، مذکورہ علاقوں کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آلودہ پانی کی فراہمی فی الفور بند کی جائے اور شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے۔




علاوہ ازیں مختلف علاقوں رنچھوڑلائن، برنس روڈ، پاکستان چوک، سندھ سیکریٹریٹ اور اس کے اطراف کچرا کنڈیوں کی گذشتہ کئی دنوں سے صفائی نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرگئی ہیں ، محمد بن قاسم روڈ پر ایس ایم لا کالج کے سامنے واقع کچرا کنڈی مکمل طور پر بھرگئی ہے اور کچرا سڑک پر پھیل گیا ہے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے اور اس سڑک سے لوگوں کا گزرنا مشکل ہوگیا ہے ، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ محکمے کے عملے نے کچرا کنڈی کو گذشتہ کئی دنوں سے صاف نہیں کیا ہے۔

پاکستان چوک پر بھولو پہلوان کے اکھاڑے کے نزدیک کچرا کنڈی اس قدر بھرگئی ہے کہ کچرا لوگوں کے گھروں کے آگے جمع ہوگیا ہے اور علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے مکینوں کا اس علاقے سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے ،مکینوں نے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ عملے کو پابند کیاجائے کہ گلیوں اور سڑکوں پر صفائی روزانہ کی جائے ،کچرا کنڈیوں کو فی الفور صاف کیا جائے،کچرا کنڈیوں سے باقاعدگی سے کچرا اٹھایا جائے اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کو اس بات کا پابند کیاجائے کہ کچرا سڑکوں پر نہ گرائے۔
Load Next Story