ڈیفنس نجی اسپتال میں آتشزدگی سے متعدد مریض بے ہوش 3 ملازمین زخمی

دھویں کے باعث اسپتال میں متعدد افراد بیہوش ہوگئے تھے تاہم شیشے توڑکر مریضوں کو نکالا گیا۔


Staff Reporter February 20, 2013
کالا پل کے قریب کورنگی روڈ پر نجی اسپتال میں آتشزدگی کے باعث مریضوں کو فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد سے عمارت سے باہر نکالا جارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کالا پل کے قریب واقع نجی اسپتال میں اچانک شارٹ سرکٹ سے آ گ لگ گئی جس پر اسپتال میں خوف وہراس پھیل گیا۔

تاہم فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر لگنے والی آگ پرقابو پالیا ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، آگ اسپتال کے بیسمنٹ سٹی اسکین ایریا میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث آگ پر فوری قابو پا لیا گیا ، آگ کے باعث اسپتال کی پہلی اور دوسری منزل میں دھواں بھرگیا ، ایک درجن سے زائد مریضوںکو ہنگامی بنیادوں پر اسپتال سے باہرنکال کرجناح اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطا بق منگل کی صبح کالا پل کے قریب ڈیفنس میں واقع نجی اسپتال میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی،شارٹ سرکٹ کے مقام پر سٹی اسکین مشین نصب تھی، آگ کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ نے فوری فائر بریگیڈ کو مطلع کیا جس پر 4 فائر بریگیڈ اور ایک اسنارکل گاڑی فوری موقع پر پہنچ گئیں۔



دھویں کے باعث اسپتال میں متعدد افراد بیہوش ہوگئے تھے تاہم شیشے توڑکر مریضوں کو نکالا گیا ،جب آگ لگی عین اسی وقت لیبرروم میں 2 خواتین کی سرجری جاری تھی تاہم ماہر ڈاکٹروں اورعملے نے دونوں ڈلیوریاں محفوظ طریقے سے کیں،اسپتال میں دھواں باہر نکالنے کیلیے 3ملازمین بھی زخمی ہوئے،یہ ملازمین شیشے توڑ کردھویں کو باہر نکالنے کی کوشش کررہے تھے، معلوم ہوا ہے کہ عمارت کے شیشے توڑ کر مریضوںکو باہر نکالا گیا جبکہ اسپتال میں دھواں بھر جانے کے سبب متعدد مریض بیہوش بھی ہوگئے، پولیس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ،واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں