پی ٹی آئی کی ن لیگ اور پی پی کو فارن فنڈنگ پارٹیاں قرار دینے کے لیے درخواست

ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے غیر ملکی اور ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کئے، درخواست میں موقف

ن لیگ اور پی پی کو فارن فنڈنگ پارٹیاں قراردیا جائے،تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو فارن فنڈنگ پارٹیاں قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کے روز تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے غیر ملکی فنڈز پر اعتراضات اٹھائے ہوئے دو الگ الگ درخواسیں عدالت عظمیٰ میں دائر کیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے (ن) لیگ کے خلاف اور شیریں مزاری نے پیپلزپارٹی کےخلاف درخواست جمع کروائی۔


درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے غیر ملکی اور ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کئے، نواز شریف نے (ن) لیگ کو دس کروڑ روپے کے فنڈز دیئے اور چار کروڑ واپس لئے تاہم (ن) لیگ کی الیکشن کمیشن میں جمع تفصیلات میں ان فنڈز کا ذکر نہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے فنڈز لئے ہیں لیکن اس سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ ہی نہیں کیا گیا۔


درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ دونوں جماعتوں کو فارن فنڈڈ پارٹیاں قرار دے اور الیکشن کمیشن کو دونوں جماعتوں کے فنڈز کی تحقیقات اور انتخابی نشان واپس لینے کا حکم دے۔

Load Next Story